پاکستان اور چین ہمیشہ ساتھ کھڑے ہیں، آرمی چیف

0

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل  قمر جاوید باجوہ سے چین کے وزیردفاع نے ملاقات کی، جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر بات چیت کی گئی، دونوں افواج کے مابین دفاعی تعاون کو بڑھانے کے لئے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کئے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چینی وزیر دفاع وئ فینگ نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا،جہاں معزز مہمان کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، اس موقع پر چینی وزیردفاع نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق چین کے وزیر قومی دفاع جنرل وئ فینگ نےآرمی  چیف سے بھی ملاقات کی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر بات چیت کی گئی۔چینی وزیر دفاع نےپاک فوج کی علاقائی امن اور سی پیک منصوبوں کے لئے محفوظ ماحول کی فراہمی کے لئے کاوشوں کو سراہا۔دونوں افواج کے مابین دفاعی تعاون بڑھانے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کئے گئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج چین کےساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے، ہر معاملے میں پاکستان کی غیرمشروط حمایت پر چین کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر معاملے میں ہمیشہ ساتھ کھڑے ہیں، مستقبل کے چیلنجز کے باوجود ہمارے تعلقات مضبوط ہوں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.