اسلام آباد ہائیکورٹ نے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کی تشکیل غیر قانونی قرار دیدی

0

اسلام آباد: حکومت کو بڑا جھٹکا، عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا کی درخواست منظور کرلی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کی تشکیل کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے اس میں مشیروں کی شمولیت غیر قانونی دے دی۔ فیصلہ جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے سنایا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے کابینہ کمیٹی کی تشکیل کیخلاف مسلم لیگ ن کی درخواست منظور کرتے ہوئے کمیٹی میں مشیر برائے کامرس، سرمایہ کاری اور مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات کی شمولیت بھی غیر قانونی قرار دے دی۔

عدالت نے فیصلہ دیا کہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ کابینہ کمیٹی کے نہ ممبر نہ سربراہ ہو سکتے ہیں، ہائیکورٹ نے 25 اپریل 2019 کا کابینہ کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا اور  کمیٹی میں مشیر برائے کامرس اور سرمایہ کاری رزاق داؤد اور مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات عشرت حسین کی شمولیت بھی غیر قانونی قرار دے دی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا نے درخواست دائر کی تھی جس میں  وزیراعظم کے 3 مشیروں کی کابینہ کمیٹی برائے نجکاری (ای ای او پی) کے اراکین کی حیثیت سے تعیناتی کی تشکیل غیرقانونی قرار دینے کی استدعا کی تھی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ صرف منتخب نمائندوں کو ملک پر حکومت کرنے کا حق ہے، غیر منتخب افراد جو نہ تو پارلیمان کے رکن ہوں نہ انہوں نے آئین کے تحت حلف اٹھایا ہو وہ کابینہ اور اس کی کمیٹی کا حصہ نہیں بن سکتے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.