اٹلی اور سوئٹزرلینڈ میں ٹرین سروس پر معاملات طے پاگئے

0

جنیوا: اٹلی اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان ٹرین سروس پر معاملات آخری لمحات میں طے پاگئے، کرونا کی شرائط پوری نہ کرسکنے کی وجہ سے سوئس ریلوے کمپنی نے دونوں ملکوں کے درمیان سروس روکنے کا اعلان کیا تھا، اٹلی نے کرونا سے متعلق شرائط پر عمل درآمد کے لئے سوئس ریلوے کمپنی سے مطالبہ کیا تھا۔

اطالوی مطالبات پر سوئس کمپنی کا کہنا تھا کہ اس کے پاس ان شرائط کو پورا کرنے کی صلاحیت نہیں ہے، اور کمپنی نے دونوں ملکوں کے درمیان جمعرات سے سروس بند کرنے کا اعلان کردیا تھا، جس سے دونوں ملکوں اور پھر اس سے آگے  دیگر یورپی ملکوں بالخصوص جرمنی تک سفر کرنے والے مسافر متاثر ہونے کا خدشہ تھا، تاہم سوئس کمپنی کی طرف سے سروس بند کرنے کے اعلان کے بعد دونوں ملکوں میں اعلیٰ سطحی رابطے ہوئے، اور ٹرانسپورٹ کے وزراء کی بات چیت کے بعد معاملات طے پاگئے۔

جس کے بعد اطالوی حکام نے اعلان کیا ہے کہ سوئس ریجن TICINO اور لمبارڈیا کے درمیان معمول کے مطابق ٹرینیں چلتی رہیں گی، دونوں ملکوں میں طے پانے والے سمجھوتے کے تحت اطالوی حکام دو سرحدی اسٹیشنوں پر مسافروں کو چیک کریں گے، اور دونوں ملکوں کے طبی حکام مل  کر ایسے اقدامات اٹھائیں گے، جن کے ذریعہ مسافروں سے کرونا پھیلنے کے امکانات کو کم سے کم کیا جاسکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.