اٹلی سمیت یورپی ملکوں میں نئی پابندیاں لگانے کی تیاری

0

روم: یورپ میں کرسمس اور نیو ائر پر تیسری کرونا لہر کے خطرے پر لاک ڈاؤن سخت کرنے کا عمل شروع ہوگیا، اٹلی میں بھی کرسمس سے قبل زیادہ سخت لاک ڈاؤن کیلئے گھنٹی بج گئی، جرمن طرز کا سخت لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی اطلاعات ہیں، ہالینڈ اور جمہوریہ چیک نے بھی سخت لاک ڈاؤن کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں ماہرین صحت نے وزیراعظم جوزپے کونتے سے ملاقات کی ہے، جس میں کرونا کی صورتحال پر مشاورت کی گئی، اس موقع پر سی ٹی ایس پینل نے وزیراعظم  کو زیادہ سخت لاک ڈاؤن کے لئے سفارشات پیش کردی ہیں، بالخصوص حالیہ دنوں میں کرسمس کی خریداری کے لئے شاپنگ سینٹرز پر رش پر ماہرین نے تشویش ظاہر کی ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ جرمنی کی آبادی اٹلی سے 2 کروڑ زیادہ ہے، لیکن اس کے باوجود اٹلی میں شرح اموات زیادہ ہے، انہوں نے بدھ سے جرمنی میں نافذ کئے جانے والے سخت لاک ڈاؤن کا بھی حوالہ دیا، اور خبردار کیا کہ اٹلی میں مزید سخت اقدامات نہ اٹھائے گئے تو جنوری بہت مشکل ثابت ہوسکتا ہے.

نئی پابندیاں

اطالوی میڈیا کے مطابق نئی پابندیوں میں پورے ملک کو ریڈ زون قرار دیا جاسکتا ہے، جس کے بعد 21 دسمبر سے 6 جنوری تک شہری اپنے اپنے شہروں اور قصبوں سے باہر نہیں جاسکیں گے، خوراک اور ادویات کے علاوہ باقی تمام اسٹورز، بار اور ریستوران بند ہوجائیں گے، یہ پابندی اس لئے اہم ہوسکتی ہے کیوں کہ اس دوران کرسمس اور نیو ائر کے تہوار آئیں گے، ان میں شہریوں کی نقل و حرکت روکنا بہت اہم ہے، وزیر صحت رابرٹو سپرانزا کا کہنا ہے کہ کرونا کی تیسری لہر روکنے کے لئے ہم جلد نئے اقدامات لیں گے۔

ہالینڈ کے وزیراعظم مارک رتھ نے بھی جرمنی کی طرح سخت لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے، جو پانچ ہفتوں تک جاری رہے گا، اس طرح ہالینڈ میں بھی کرسمس اور نیو ائر پر لوگوں کے زیادہ ملنے جلنے کے امکانات روکے گئے ہیں، تاکہ وائرس قابو میں رہے، ڈچ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ اسکول، تمام غیرضروری دکانیں، بارز، ریستوران، کاروباری مراکز، جم، میوزیم، سینما اور تھیٹر 19 جنوری تک بند رہیں گے،.انہوں نے کہا کہ جب تک صورتحال بہتر نہیں ہوجاتی، ہمیں یہ کڑوی گولی نگلنی ہوگی، اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ شہری گھروں پر رہیں، اور گھروں پر بھی 2 سے زیادہ  مہمانوں کو مدعو کرنے سے گریز کریں، ایک اور یورپی ملک جمہوریہ چیک کے وزیراعظم نے بھی لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے اور ریستوران، ہوٹل اور انڈور کھیلوں کے مقامات بند کرنے کااعلان کیا ہے، اس کے علاوہ 6 سے زیادہ افراد کے انڈور اکٹھے بیٹھنے پر بھی پابندی لگادی گئی ہے، تاہم دکانیں کھلی رہیں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.