یورپی عدالت کا اہم فیصلہ

0

برسلز: یورپی عدالت انصاف نے ایک ایسا فیصلہ دے دیا ہے، جس سے یورپ میں بسنے والے الہامی مذاہب کے ماننے والے یہودی اور مسلمان متاثر ہوں گے، یورپی جیوش کونسل نے یورپی عدالت کے فیصلے کو افسوسناک قرار دے دیا، اور آخری دم تک قانونی جنگ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق الہامی مذاہب کے حامل مسلمان اور یہودی حلال جانور کو ذبح کرکے اس کا گوشت کھاتے ہیں، اور بچوں کی سنت سمیت کئی دوسری چیزوں کی طرح یہ بھی دونوں الہامی مذاہب میں قدرے مشترک ہے، تاہم اب یورپی عدالت انصاف نے فیصلہ دیا ہے کہ حکام یہ حکم جاری کرسکتے ہیں کہ جانور کو ذبح کرنے سے پہلے بیہوش کیا جائے۔ عدالت نے بیلجئیم کے فلیمش ریجن کی طرف سے جانوروں کو بیہوش کئے بغیر ذبح کرنے پر پابندی کے حکم کو جائز قرار دے دیا۔ عدالت نے فیصلے میں یہ موقف اختیار کیا ہے کہ مسلمانوں اور یہودیوں کے مذہبی فرائض اور جانوروں کی بہبود کے درمیان توازن رکھا جاسکتا ہے، بیلجئیم کے فلیمش ریجن نے2017 میں یہ قانون بنایا تھا، اور گزشتہ برس 2019 سے اس پر عمل درآمد شروع کرایا گیا تھا، جس کے تحت ذبح کرنے سےقبل جانور کو بے ہوش کرنا لازمی قرار دیا گیا تھا۔ 

اس فیصلے کے لئے یہ جواز دیا گیا تھا کہ اس سے جانوروں کی تکلیف کم ہوجاتی ہے۔ جانوروں کے حقوق کیلئے کام کرنے والی تنظیموں نے بھی اس کیلئے مہم چلائی تھی۔ تاہم مسلمان اور یہودی تنظیموں کا کہنا تھا کہ یہ ان کے مذہبی فرائض اور روایات پر حملے کے مترادف ہے، اور اس سے ان کی مذہبی آزادی متاثر ہوتی ہے۔

مسلمانوں اور یہودیوں نے یورپی عدالت انصاف میں اس حکم کو چیلنج کیا تھا، تاہم جمعرات کو عدالت نے بیلجئیم کے فلیمش ریجن کے فیصلے کو جائز قرار دے دیا۔بیلجئیم میں یہودی تنظیموں نے یورپی عدالت کے فیصلے کو جمہوریت اور اقلیتوں کے حقوق کے منافی قرار دیا ہے، اور کہا ہے کہ وہ اس قانون کے خلاف قانونی جنگ لڑتے رہیں گے، بیلجئیم فیڈریشن آف جیوش آرگنائزیشن کے سربراہ یوہان بینی ذری کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس قانونی راستے ابھی ختم نہیں ہوئے، اور ہم یہ قانونی جنگ جاری رکھیں گے۔ یورپی جیوش ایسوسی ایشن کے چئیرمین Rabbi Menachem Margolin نے جمعرات کو یہودیوں کے لئے افسوس کا دن قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ یورپی یہودیوں کو یہ تکلیف دینے والا پیغام دیا گیا ہے کہ ان کے مذہبی فرائض قبول نہیں ہیں۔ یہ یورپی شہری کی حیثیت سے ہمارے بنیادی حقوق سلب کرنے کے مترادف ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.