مولانا فضل الرحمن کیخلاف پارٹی میں بڑی بغاوت ہوگئی

0

اسلام آباد: جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے خلاف پارٹی میں بڑی  بغاوت ہوگئی ہے، بلوچستان کا تنظیمی سیٹ اپ ہاتھ سے نکلنے کا امکان ہے، سینئر رہنما مولانا شیرانی نے علم بغاوت بلند کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دے دیا ہے، انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان پارٹی میں خود سلیکٹڈ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کی سربراہی کرتے مولانا فضل الرحمن کی اپنی جماعت میں سربراہی خطرے میں پڑگئی ہے، بلوچستان سے تعلق رکھنے والے جے یو آئی کے سینئر رہنما مولانا محمد خان شیرانی نے مولانا فضل الرحمان سے بغاوت کردی ہے اور متوازی جماعت کھڑی کرنے کا اعلان  کیا ہے، اس سے پہلے ایک اور مرکزی رہنما حافظ حسین احمد بھی فضل الرحمن کیخلاف بغاوت کرچکے ہیں، تاہم مولانا شیرانی کی بغاوت ان معنوں میں اہم ہے، کہ انہیں بلوچستان میں جے یوآئی پر کنٹرول حاصل ہے، اور صوبے میں پارٹی کی اصل طاقت ان کے پاس ہے۔ کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا شیرانی نے کہا ہے کہ فضل الرحمان پارٹی میں خود سلیکٹڈ ہیں اور دوسروں کو سلیکٹڈ کہتے پھرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فضل الرحمن جھوٹ بولتے ہیں، اور میرے ان سے اختلاف کی وجہ ان کا جھوٹا ہونا ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی (ف) اور جے یو آئی پاکستان الگ الگ ہیں، اگر کوئی پارٹی پر قبضے اور اپنی مرضی کے مطابق اسے چلانے کے خواب دیکھ رہا ہے، تو وہ جاگ جائے، مولانا شیرانی نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ بلوچستان میں دفاتر کھولیں اور جے یو آئی پاکستان کا پرچم بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ فضل الرحمن اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کے لئے جلسے کرتا پھر رہا ہے، پی ڈی ایم مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے، اور اسے کچھ حاصل نہیں ہوگا، عمران خان اپنی مدت پوری کریں گے، اور اگلے 5 برس بھی ان کے لگتے ہیں، مولانا شیرانی کا مزید کہنا تھا کہ ہم کئی معاملات پرعمران خان کی پالیسی کی تائید کرتے ہیں، افغانستان اور طالبان کے معاملے پر ہمارا موقف سب جانتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.