برطانیہ سے رحمن ملک کا معاہدہ گلے پڑگیا، نکلنے کیلئے کس تاریخ کا انتظار؟

0

لندن: پاکستان کی طرف سے نوازشریف کو واپس بھیجنے تک ڈیپورٹیز کی پروازیں قبول نہ کرنے کے فیصلے کو برطانیہ عارضی طور پر تبدیل کرانے میں کامیاب ہوگیا ہے اور پاکستانیوں کو ڈیپورٹ کردیا رحمن ملک کا کیا گیا معاہدہ گلے پڑگیا، پاکستانی حکام نے نظریں اب بریگزٹ پر مرکوز کرلی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی طرف سے پاکستانی عدالتوں کو مطلوب ن لیگ کے قائد نوازشریف کو واپس بھیجنے سے انکار پر پاکستان نے بھی جوابی ردعمل ظاہر کیا تھا، اور گزشتہ دو ماہ سے برطانیہ سے ڈیپورٹیز واپس لینے سے انکار کردیا تھا، برطانوی اخبار ’’دی سن‘‘ نے چند روز قبل اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ 40 پاکستانی ڈیپورٹیز کیلئے برطانیہ نے 20 اکتوبر کو 3 لاکھ پاؤنڈ میں طیارہ بھی بک کرلیا تھا، لیکن پاکستان نے عین وقت پر این او سی دینے سے انکار کردیا تھا، اور کہا تھا کہ اگر وہ برطانیہ سے غیر قانونی مقیم پاکستانیوں کو ڈیپورٹ کرنا چاہتی ہیں، تو نوازشریف کو بھی ڈیپورٹ کریں، جو پاکستان میں عدالتوں اور حکومت کو مطلوب ہیں، اور صرف 8 ہفتے کے علاج کے لئے اجازت لے کر گئے تھے، تاہم 2 ماہ کے بعد اب پہلی بار برطانوی چارٹرڈ طیارہ 18 پاکستانیوں کو لے کر اسلام آباد پہنچ گیا ہے، یہ وہ پاکستانی ہیں، جو برطانیہ میں غیر قانونی مقیم تھے، لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن نے 16 دسمبر کو ڈیپورٹیز پرواز کی تصدیق کی ہے۔

اس حوالے سے پاکستانی حکام نے ایک انگریزی اخبار کو بتایا ہے کہ برطانیہ نے ڈیپورٹیز کی پرواز قبول کرانے کے لئے یورپی یونین ری ایڈمیشن ایگریمنٹ کا استعمال کیا ہے۔

جس پر پی پی پی دور میں وزیرداخلہ رحمن ملک نے دستخط کئے تھے، انگریزی اخبار نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ برطانیہ نے پاکستانی انکار کے بعد اس معاہدہ کا سہارا لیا ہے، اور خبردار کیا ہے کہ اگر پاکستان نے ڈیپورٹیز قبول نہ کئے تو وہ معاہدے کے تحت قانونی کارروائی کرے گا، جس پر حکام کو پرواز کیلئے اجازت دینی پڑی، تاہم اب پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ برطانیہ چند روز بعد 31 دسمبر کو یورپی یونین سے الگ ہورہا ہے، اور اس کے بعد پاکستان برطانیہ کے ساتھ اس معاہدہ سے آزاد ہوجائے گا، برطانیہ ڈیپورٹیز کے لئے یقینی طور پر نیا معاہدہ کرنا چاہے گا، اور یہی وہ موقع ہوگا کہ پاکستان اب پہلے سے بہتر معاہدہ کرے اور  برطانیہ پر دباؤ بڑھائے کہ وہ صرف عام پاکستانیوں کو ہی نہیں بلکہ مطلوب افراد کو بھی ڈیپورٹ کرکے حوالے کرے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.