پاکستان نے بھی برطانیہ پر پابندی لگادی، کون سے مسافروں کو آنے کی اجازت ہوگی؟

0

اسلام آباد: برطانیہ میں کرونا وائرس کی نئی اور زیادہ خطرناک قسم سامنے آنے کے بعد پاکستان نے بھی برطانیہ سے آنے والے مسافروں کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے، تاہم پاکستانی شہریوں پر اس پابندی کا اطلاق جزوی ہوگا، اور وہ شرائط پوری کرکے وطن آسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں کرونا کی زیادہ خطرناک قسم سامنے آنے کے بعد یورپی سمیت دنیا بھر کے ممالک نے فضائی رابطے معطل کردئیے ہیں، اس حوالے سے پاکستان نے بھی برطانیہ سے آنے والے مسافروں کے پاکستان میں داخلے پر 29 دسمبر تک پابندی عائد کردی ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر کردیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ پیر کو این سی او سی کے اجلاس میں کیا  گیا، تاہم برطانیہ سے ٹرانزٹ فلائٹ کے ذریعے آنے والے مسافروں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

پاکستانیوں کو مشروط اجازت

وفاقی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وہ مسافر جو ٹرانزٹ پر ہوں اور برطانوی ائیرپورٹ پر نہ اترے ہوں، وہ پاکستان آسکیں گے، اسی طرح وزٹ یا کسی اور ویزے پر گئے ہوئے پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے مسافروں کو منفی ٹیسٹ رپورٹ کے ساتھ پاکستان آنے کی اجازت ہوگی، تاہم انہیں 72 گھنٹے پہلے کا کرونا ٹیسٹ پیش کرنا ہوگا۔

برطانیہ سے آنے والے پاکستانی مسافروں کا پاکستان پہنچنے پر بھی ائیر پورٹ پر پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے گا، اور ٹیسٹ کا رزلٹ منفی آنے تک مسافروں کو گھر جانے کی اجازت نہیں ہوگی، انہیں سرکاری قرنطینہ میں رکھا جائے گا، کرونا ٹیسٹ منفی آنے پر بھی برطانیہ سے آنے والے مسافروں کو 7 روز گھروں میں قرنطینہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ گزشتہ 7 دنوں کے دوران یعنی 21 دسمبر سے برطانیہ سے آنے والے مسافروں کا بھی کرونا ٹیسٹ کیا جائے گا، اس کیلئے امیگریشن  سے تفصیلات حاصل کرلی گئی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.