اسلام آباد: زیادہ منافع اور رقم بھی اپنے ملک میں محفوظ ، اوورسیز پاکستانیوں نے تیزی سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھولنے اور ان میں اپنی جمع شدہ رقوم منتقل کرنی شروع کردی، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعہ سرٹیفکیٹ کی خریداری بھی کی جاسکتی ہے، اس کے علاوہ یورو، ڈالر اور پاؤنڈ میں اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے 10 ستمبر کو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس پروگرام کا افتتاح کیا تھا، جس کے تحت پہلی بار بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بینکوں میں جائے بغیر گھر بیٹھے آن لائن اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت دی گئی تھی، یہ سہولت پاکستان کے 8 بڑے بینکوں میں دی گئی، اس کے علاوہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعہ اوورسیز پاکستانی بیرون ملک بیٹھ کر اپنے گھروں کے بجلی و گیس بل، اسٹاک مارکیٹ اور تعمیراتی شعبوں میں سرمایہ کاری بھی کرسکتے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کے لئے حکومت نے نیا پاکستان سرٹیفکیٹ بھی متعارف کرایا، جس پر ساڑھے 7 فیصد تک منافع دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:دیرینہ مطالبہ پورا، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے روشن ڈیجیٹل اسکیم کا افتتاح, اکاؤنٹ کھولنے کا طریقہ، فوائد جانیئے
روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعہ اس سرٹیفکیٹ کی خریداری کی جاسکتی ہے، اس کے علاوہ یورو، ڈالر اور پاؤنڈ میں اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت ہے۔ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں فنڈز کی ترسیل میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے اور ترسیلات کا حجم 20 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگیا ہے۔ تین ماہ میں 59 ہزار 700 اکاؤنٹس کھولے گئے، 91 ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھلوائے، اور حالیہ 10 کروڑ ڈالر صرف 28 دن میں جمع ہوئے۔