اٹلی میں پہلی ویکسین لگوانے والی نرس کی زندگی اجیرن

0

روم: اٹلی میں پہلی کرونا ویکسین  لگوانا جرم بن گیا، ویکسین لگوانے والی نرس کو ویکسین مخالف عناصر نے تنگ کرنا شروع کردیا ہے۔ واضح رہے کہ سازشی نظریات پر یقین رکھنے والے عناصر ویکسین کو فراڈ قرار دیتے ہیں، اور ان میں کچھ  ڈاکٹر بھی ہیں، جن کے خلاف اطالوی حکومت نے کارروائی کا بھی اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں کرونا کی پہلی ویکسین روم کے اسپتال سے وابستہ 29 سالہ نرس کلاڈیا الیورینی کو لگائی گئی تھی، اور اس کی اطالوی میڈیا میں بہت تشہیر بھی ہوئی تھی، اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ نرس کلاڈیا کو ویکسین کے مخالف عناصر کی جانب سے سوشل میڈیا پر تنگ کیا جارہا ہے، اور دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ ایک اطالوی اخبار کے مطابق مذکورہ نرس کو کہا جارہا ہے کہ اچھا  تم نے ویکسین لگوالی ہے، اب دیکھو تم کیسے مرتی ہو، ایسے پیغامات سے تنگ آکر کلاڈیا نے اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہی بند کردئیے ہیں۔ دوسری طرف سیاسی رہنماؤں سمیت بہت سے لوگوں کی طرف سے کلاڈیا سے ہمدردی کا اظہار کیا جارہا ہے، اور انہیں ملنے والی دھمکیوں کی مذمت کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ اٹلی سمیت پورے یورپ میں امریکی کمپنی فائزر اور جرمن کمنی بائیو این ٹیک  کی بنائی گئی ویکسین شہریوں کو لگانے کا عمل جاری ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.