چین نے ایک بار پھر پاکستان سے دوستی کا حق ادا کردیا

0

بیجنگ: چین نے ایک بار پھر پاکستان سے دوستی کا حق ادا کردیا، کرونا وبا سے نمٹنے کے لئے بڑا تحفہ دینے کا اعلان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفون پر گفتگو میں چینی وزیر خارجہ نے اہم یقین دہانی کرادی، پاکستان کو فوری طور پر کرونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں بطور تحفہ دینے کا اعلان کیا۔

تفصیلات کے مطابق چین نے دوستی کا حق نبھاتے ہوئے کرونا سے نمٹنے کے لئے پاکستان کو بڑا تحفہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفون پر گفتگو میں چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے پاکستان کو فوری طور پر کرونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں بطور تحفہ دینے کا اعلان کیا اور پیشکش کی کہ پاکستان جب چاہے طیارہ بھیج کر ویکسین کی یہ خوراکیں بیجنگ سے منگوا سکتا ہے۔ چینی کمپنی سائنو فارم کی ویکسین کی یہ خوراکیں اگلے 10 روز میں پاکستان پہنچ جائیں گی اور فرنٹ لائن طبی ورکرز کی ویکسینیشن شروع کردی جائے گی۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پہلے ہی سائنو فارم ویکسین کی منظوری دے چکی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود نے قوم کو ایک اور خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چینی ہم منصب سے ویکسین کی مزید گیارہ لاکھ خوراکیں فراہم کرنے کے لئے بات کی۔ اور چین نے فروری میں یہ ویکسین فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔  اس کے علاوہ پاکستان اور چین میں مشترکہ طور پر جاری دوسری چینی ویکسین کین سینو کے ٹرائل کامیابی سے آگے بڑھنے پر دونوں رہنماؤں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ شاہ محمود قریشی نے یہ چینی ویکسین پاکستان میں تیار کرنے کی خواہش ظاہر کی جس پر چینی وزیر خارجہ نے اتفاق کیا اور پا کستان میں ویکسین کی تیاری کے لئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.