ترکی میں سفیر پاکستان کی کارکردگی پر کمیونٹی رہنما کو تحفظات، اجلاس طلب

0

استنبول: ترکی میں پاکستانی کمیونٹی رہنماؤن نے سفیر کی کارکردگی پر تحفظات ظاہر کردئیے، اہم مسائل حل کرنے میں ناکام قرار دے دیا، اور منعقدہ کھلی کچہری کو کا غذی کارروائی قرار دیا ہے، آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لئے منگل کو استنبول میں اجلاس بلالیا۔

تفصیلات کے مطابق ترکی میں پاکستانی کمیونٹی کے رہنما خالد جوئیہ نے سفیر سائرس سجاد قاضی کی جانب سے جمعہ کو منعقدہ کھلی کچہری کو کا غذی کارروائی قرار دیا ہے، اس حوالے سے کھلےخط میں انہوں نے کمیونٹی کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے سفیر سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کے حل کے لئے کام کریں، انہوں نے لکھا ہے کہ ترکی میں پاکستانی کمیونٹی کا سب سے اہم مسئلہ شہریت کا ہے، پاکستان کے یورپی ممالک سمیت دنیا کے متعدد ممالک کے ساتھ دہری شہریت کے معاہدے موجود ہیں، لیکن برادر ملک ترکی کے ساتھ دہری شہریت کا معاہدہ کرنے میں آج تک کسی نے دلچسپی نہیں لی، جس کی وجہ سے پاکستانی کمیونٹی مشکل کا شکار ہے، اگر کوئی پاکستانی ترکی کی شہریت لیتا ہے، تو اسے پاکستانی شہریت چھوڑنا پڑتی ہے، جس کی وجہ سے پاکستانی کمیونٹی کے لوگ ترک شہریت لینے میں تذبذب کا شکار ہوتے ہیں۔

اسی طرح ترکی میں مقیم سینکڑوں پاکستانی خاندانوں کے رہائشی کارڈز کی تجدید نہیں ہورہی، جو اس صورتحال سے پریشان ہیں، لیکن اس معاملےمیں بھی سفیر پاکستان نے کوئی کردار ادا نہیں کیا، آئے روز پاکستانی کمیونٹی کے لوگوں کو اغوا کرکے بھاری تاوان وصول کیا جاتا ہے۔ یہ مسئلہ بھی سفارتخانے کی توجہ حاصل نہیں کرسکا، خط میں سفیر پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے کمیونٹی رہنما نے کہا کہ ان مسائل سے آپ باخبر ہیں۔ لیکن ان کے حل کے لئے کوئی کام نظر نہیں آیا، آپ کھلی کچہری کے بجائے ان مسائل کے حل کیلئے کام کریں، تو کمیونٹی زیادہ خوش ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.