عرب امارات میں غیر ملکی طلبا کے خاندانوں کیلئے بڑی خوشخبری

0

دبئی: متحدہ عرب امارات نے اپنے ملک میں تعلیم حاصل کرنے والے  غیرملکی طلبا کو بڑی خوشخبری سنادی، ان طلبا کو اب اپنے اہلخانہ سے جدائی برداشت نہیں کرنی پڑے گی، متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے نئی پالیسی کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کابینہ کی منظوری کے بعد مملکت میں زیرتعلیم غیر ملکی طلبا کے لئے نئی رہائشی پالیسی کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد اب غیر ملکی طلبہ اپنے اہل خانہ کو امارات بلانے کے مجاز ہوں گے۔ انہوں نے اس فیصلے کا اعلان ٹوئٹ کے ذریعہ کیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق یو اے ای میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے 77 سے زیادہ جامعات ہیں جن میں ہزاروں غیر ملکی طالب علم تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ نئی پالیسی کے تحت اب یواے ای میں زیر تعلیم غیر ملکی طالب علموں کو اپنے اہل خانہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت ہوگی۔ تاہم اس کے لئے انہیں ذرائع آمدن ظاہر کرنا ہوں گے، جن سے وہ یواے ای میں قیام کے اخراجات برداشت کرنے کی صلاحیت ثابت کرسکیں۔

متحدہ عرب امارات میں قائم جامعات نے فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس اقدام سے غیرملکی طلبا کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ ایمٹی ایجوکیشن ایم ای کے چیف ایگزیکٹو  ڈاکٹر وجاہت حسین نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے یواے ای میں تعلیمی صنعت کی ترقی کے لئے نئی راہیں کھل گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ والدین کو اپنے زیر تعلیم طلبا کے ساتھ رہنے کی اجازت دنیا بھر میں نئی مثال ہے، روہسٹر انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے صدر ڈاکٹر یوسف الاصف نے کہا کہ والدین ساتھ رکھنے کی اجازت دینے سے کرونا کے موجودہ مشکل حالات میں طلبا کو بہت مدد ملے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.