یورپی ممالک نے یورپی شہریوں کیلئے بھی دروازے بند کرنے شروع کردئیے

0

پیرس: کرونا کے مسلسل پھیلاؤ سے پریشان یورپی ملکوں نے دوسرے ممالک کے بعد یورپی یونین کے شہریوں کے لئے بھی مختلف پابندیاں لگانی شروع کردی ہیں، فرانس نے یورپی شہریوں کو ملک میں داخلے سے 72 گھنٹے قبل کی کرونا ٹیسٹ رپورٹ لازمی پیش کرنے کا حکم دیا ہے، جبکہ کچھ ممالک نے دروازے مکمل بند کردیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق فرانس نے کرونا کے بڑھتے کیسز پر قابوپانے کے لئے اتوار سے یورپی شہریوں کے لئے بارڈر کنٹرول کے کچھ اقدامات نافذ کردئیے ہیں، اگرچہ فرانس میں 10 لاکھ لوگوں کو ویکسین بھی لگائی جاچکی ہے، لیکن اس کے باوجود وبا قابو سے باہر ہے، جس کے بعد فرانس نے اتوار سے فضائی اور بحری راستے سے ملک میں داخل ہونے والے یورپی شہریوں کے لئے بھی کرونا کلئیر ہونے کا سرٹیفیکیٹ لازمی قرار دے دیا ہے، یورپی شہریوں کو فرانس داخل ہونے کے لئے 72 گھنٹے قبل کی کرونا ٹیسٹ رپورٹ پیش کرنی ہوگی، تاہم سڑک کے ذریعہ فرانس آنے والے اور سرحدی علاقوں میں مقیم ورکرز پر  اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا،

دوسری طرف سویڈن نے بھی ڈنمارک اور برطانیہ کے بعد پڑوسی ملک ناروے کے شہریوں کے لئے بھی عارضی طور پر دروازے بند کردئیے ہیں، یہ پابندی 14 فروری تک لگائی گئی ہے، جرمنی نے بھی اتوار سے 20 ہائی رسک ممالک سے آنے والے شہریوں کو صرف ضروری وجوہات ثابت کرنے پر ہی داخلے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے، ان ہائی رسک ممالک میں چیک جمہوریہ، پرتگال، اسپین اور مصر کے ساتھ ساتھ امریکہ بھی شامل ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.