پاکستان کو سعودیہ ، یواے ای کا متبادل مل گیا، اسلامی ملک کی بڑی پیشکش

0

باکو: سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی طرف سے ادھار پر تیل فراہم کرنے سے پیچھے ہٹنے کے بعد ایک اور دوست اسلامی ملک نے پاکستان کے لئے تعاون کا ہاتھ بڑھادیا ہے، اور طویل مدت کے لیے ادھار پر تیل و گیس فراہم کرنے کی پیشکش کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے پاکستان سے تعلقات میں تناؤ آچکا ہے، جس کی وجہ یہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ترکی کے ساتھ تعلقات مزید آگے نہ بڑھانے کے لئے ان کا دباؤ مسترد کردیا تھا، جبکہ پاکستان نے اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کا بھی واضح اعلان کر رکھا ہے، ایسے میں سعودیہ نے پاکستان سے نہ صرف اپنے 3 ارب ڈالر کے  ڈیپازٹ نکلوالئے ہیں، بلکہ ادھار پر تیل دینے کے حوالے سے بھی یواے ای کے بعد سعودیہ بھی پیچھے ہٹ گیا ہے، ایسے میں  پاکستان کی مدد کے لئے وسط ایشیائی مسلم ملک آذربائیجان نے اپنے دروازے کھول دئیے ہیں، اور پاکستان کو ادھار پر تیل و گیس فراہم کرنے کی پیشکش کردی ہے، 

نگورنو کاراباخ کی جنگ میں پاکستان کی جانب سے کھل کر ساتھ دینے پر آذربائیجان کے ساتھ تعلقات تیزی سے بڑھے ہیں، اور پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کا مشترکہ اجلاس بھی گزشتہ ماہ اسلام آباد میں ہوا تھا، جس میں دفاع سمیت تمام شعبوں میں تعاون  بڑھانے پر اتفاق ہوا تھا، اب آذربائیجان نے پی ایس او اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کو ادھار پر تیل و گیس فراہم کرنے کی پیش کش کردی ہے۔ آذربائیجان کی سرکاری آئل کمپنی "سوکر ٹریڈنگ” نے کہا ہے کہ برادر اسلامی ملک پاکستان کی تیل و گیس کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے حکومتی سطح پر ادھار تیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سوکر ٹریڈنگ کے ترجمان نے بتایا کہ کمپنی دنیا کے مختلف ملکوں میں آئل و گیس اور کیمیکل ریفائنریز چلا رہی ہے۔ 15 فروری کو کمپنی پاکستان کو ایل این جی کا ایک کارگو فراہم کر رہی ہے۔ کمپنی نے پاکستان کو پیشکش کی ہے کہ طویل مدت کے ادھار پر تیل و گیس فراہم کیا جا سکتا ہے اور اس کے لئے کسی قسم کا غیر ضروری دباوْ نہیں ڈالا جائے گا تاہم پاکستان کے ساتھ جو بھی معاہدہ ہو گا وہ مکمل طور پر ایک تجارتی معاہدہ ہو گا۔

آذربائیجان نے ادھار پر تیل فراہم کرنے کی پیشکش ایک ایسے وقت میں کی جب  یو اے ای کی نیشنل آئل کمپنی (اینوک) نے معاہدہ کے باوجود پاکستان کو 23 فروری کو ایل این جی فراہم کرنے سے معذرت کرلی تھی، جس سے فروری میں پاکستان میں گیس بحران پیدا ہوسکتا تھا، تاہم آذربائیجان نےاس موقع  پر پاکستان کی مدد کے لئے ایل این جی فراہم  کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 
Leave A Reply

Your email address will not be published.