برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو دورہ اسکاٹ لینڈ مہنگا پڑگیا

0

گلاسکو: برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو دورہ اسکاٹ لینڈ مہنگا پڑگیا، مقدمہ درج کرنے کی درخواستیں پولیس کے پاس دائر ہوگئیں، شہریوں کی جانب سے دائر درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ بورس جانسن نے یہ دورہ کرکے کرونا وائرس کی وجہ سے لگائی گئی پابندیوں کو توڑا ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیراعظم نے گزشتہ روز اسکاٹ لینڈ کا دورہ کیا تھا، جہاں بریگزٹ کے بعد برطانیہ سے الگ ہونے کے حامیوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، اسکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نکولا اسٹرجن نے برطانوی وزیراعظم کے دورہ کی مخالفت کی تھی، اور کہا تھا کہ وبا کے دوران وہ کیوں اسکاٹ لینڈ آرہے ہیں، ان کا دورہ غیر ضروری ہے، تاہم اس کے باوجود بورس جانسن اسکاٹ لینڈ گئے۔ واضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ کی لیڈر نکولا اسٹرجن جو پہلے ہی برطانیہ سے الگ ہونے کے لئے نئے ریفرنڈم  کا اعلان کرچکی ہیں۔

دوسری جانب شہریوں کی جانب سے برطانوی وزیراعظم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواستیں پولیس کو دی گئی ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ بورس جانسن نے یہ دورہ کرکے کرونا وائرس کی وجہ سے لگائی گئی پابندیوں کو توڑا ہے، اسکاٹ لینڈ کی پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں محدود تعداد میں وزیراعظم کے خلاف درخواستیں ملی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ بورس جانسن وزیراعظم کی حیثیت سے ورکنگ وزٹ پر آئے تھے، اور پولیس نے اس موقع پر مناسب انتظامات کئے تھے۔

اس دورے کے دوران برطانوی وزیراعظم  نے  ملک کو متحدرکھنے  کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے   اسکاٹ لینڈ میں  فوجیوں اور کرونا وائرس کی ویکیسن پر کام کرنے والی لیبارٹری کا بھی دورہ کیا ،  تاہم حالیہ سروے میں اسکاٹ لینڈ میں برطانیہ سے آزادی  کی حمایت تیزی سے بڑھتی نظر آئی ہے، جس کی وجہ بریگزٹ اور وبا کے دوران  انگلینڈ کے مقابلے میں اسکاٹ لینڈ میں زیادہ بہتر انتظامات  کو بھی قرار دیا جاتا ہے، حالیہ سروے میں 57 فیصد اسکاٹش عوام نے برطانیہ سے الگ ہونے کی حمایت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.