کرونا پابندیوں کے خلاف 2 یورپی ملکوں میں احتجاج

0

برسلز: کرونا وبا کی وجہ سے لگائی گئی پابندیوں کے خلاف یورپی ملکوں میں احتجاج کا سلسلہ بڑھتا جارہا ہے، اور ہالینڈ سے شروع ہونے والے احتجاج کا سلسلہ اب دوسرے یورپی ملکوں تک پھیل گیا ہے، ہالینڈ کے بعد اب آسٹریا اور بیلجئیم میں بھی احتجاج کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریا میں جہاں لاک ڈاؤن کی مدت 7 فروری کو ختم ہورہی ہے، اور حکومت کو اس حوالے سے پیر کو   نئے اقدامات کا اعلان کرنا ہے، وہاں دارالحکومت ویانا میں ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا، اور لاک ڈاؤن ختم کرنے کا مطالبہ کیا، حکام کا کہنا ہے کہ حکومتی پابندیاں توڑتے ہوئے اور ایس او پیز کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے 5 ہزار سے زائد افراد نے مظاہرے میں حصہ لیا، مظاہرین آزادی آزادی کے نعرے لگارہے تھے، مظاہرے کی اپیل انتہائی دائیں بازو کی جماعت ایف پی او ای نے کی تھی، مظاہرین پارلیمنٹ کی طرف مارچ کرنا چاہتے تھے، تاہم پولیس نےانہیں راستے میں روکنے کی بار بار کوشش کی، اور رکاوٹیں کھڑی کردیں۔

برسلز میں مظاہرہ

ادھر بیلجئیم کے دارالحکومت برسلز میں بھی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے افراد نے کرونا پابندیوں کےخلاف مظاہرہ کیا ہے، جس پر پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے 488 افراد کو گرفتار کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین سے چاقو اور آتش بازی کا سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.