تبدیلی کا نعرہ لے کر گورنر پنجاب کے بیٹے برطانیہ میں اہم عہدے کیلئے سامنے آگئے

0

گلاسکو: گورنر پنجاب چوہدری سرور کے صاحبزادے اور برطانوی سیاستدان انس سرور اہم عہدے کیلئے امیدوار کے طور پر سامنے آگئے ہیں، اور انہوں نے بھی ’’تبدیلی‘‘ کا نعرہ بلند کردیا ہے، اگر وہ مطلوبہ عہدہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تو برطانیہ میں کسی بھی پاکستانی نژاد کے پاس اب تک آنے والا سب سے بڑا عہدہ ہوگا۔

واضح رہے کہ چوہدری سرور بھی پاکستان منتقل ہونے سے قبل طویل عرصہ برطانوی رکن پارلیمان رہ چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری سرور کے صاحبزادے انس سرور برطانوی سیاست میں اہم عہد ہ حاصل کرنے کے لئے میدان میں اتر گئے ہیں، لیبر پارٹی کے رہنما انس سرور کا کہنا ہے کہ وہ اسکاٹ لینڈ میں پارٹی کی سربراہی کے امیدوار ہیں، جبکہ ان کے مدمقابل  خاتون رہنما مونیکا لینن ہیں، دونوں رہنماؤں نے بی بی سی کو مشترکہ انٹرویو دیا ہے، جس میں انہوں نے اپنے پروگرام اور خیالات کا اظہار کیا، ایک طرف مونیکا لینن نے کہا کہ پارٹی کی مرکزی قیادت کے کچھ غلط فیصلوں نے اسکاٹ لینڈ میں ہمیں نقصان پہنچایا ہے، اور یہ اسکاٹ لینڈ میں پارٹی کو اب بنیادی تبدیلیوں کی ضرورت ہے، جس میں برطانیہ میں مرکزی پارٹی سے الگ ہونا بھی شامل ہوسکتا ہے، اسی طرح ہم اسکاٹ لینڈ میں لیبر پارٹی کو مکمل ڈوبنے سے بچاسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ میں ان اصلاحات کے لئے قیادت کی امیدوار ہوں۔

دوسری طرف انس سرور نے ’’تبدیلی‘‘ کا نعرہ بلند کرتے ہوئے کہا کہ وہ اگر پارٹی کی اسکاٹش شاخ کے سربراہ منتخب ہوگئے، تو وہ خطے میں جماعت کو ایک نئی زندگی دیں گے،  انس سرور جنہیں حال ہی میں پارٹی کا ترجمان  مقرر کیا گیا ہے، مزید کہا کہ اس بارے میں کسی کو شبہ نہیں ہونا چاہئے کہ لیبر پارٹی میں  کون اسکاٹ لینڈ کی آواز ہے، انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ لیبر رہنما کئیر اسٹارمر برطانیہ کے وزیراعظم  بنیں، اور وہ اس مقصد کے لئے کام کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.