سعودی عرب میں 20 ملکوں کے مسافروں پر پابندی، پی آئی اے نے راستہ نکال لیا

0

ریاض: سعودی عرب نے کرونا کی صورتحال کے پیش نظر پاکستان، اٹلی اور برطانیہ سمیت 20 ممالک سے آنے والوں پر عارضی پابندی عائد کردی ہے، تمام مسافروں کی آمد روک دی گئی ہے، حکم پر فوری عمل شروع کردیا گیا، تاہم پی آئی اے نے پاکستانی مسافروں کے لئے راستہ نکال لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ 20 ملکوں سے مسافروں کی آمد پر 3 فروری کی رات 9 بجے سے پابندی لگاد دی گئی ہے۔ تاہم سعودی شہری، سفارتکار، طبی عملہ اور ان کے اہلخانہ پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندی کرونا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر عائد کی گئی ہے، ان ممالک میں پاکستان، بھارت، امریکہ، برطانیہ، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، آئرلینڈ، اٹلی، برازیل، پرتگال، ترکی، جنوبی افریقا، سوئیڈن، سوئٹزرلینڈ، فرانس، لبنان، جاپان اور مصر شامل ہیں۔

اس سے پہلے سعودی عرب نے گذشتہ جمعہ کو اپنے شہریوں پر عائد سفری پابندیوں میں توسیع کرنے کا اعلان کیا تھا، جس  کے تحت سعودی عرب اب 31 مارچ کے بجائے 17 مئی کو اپنی فضائی، برّی اور بحری سرحدیں دوبارہ کھولے گا۔ سعودی وزارت صحت نے منگل کے روز کرونا وائرس کے 310 نئے کیسوں اور چار اموات کی اطلاع دی ہے، اس طرح مملکت میں اب تک کووِڈ-19 کے تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 3 لاکھ 68 ہزار 639 ہوگئی ہے، ان میں سے 6383 وفات پا چکے ہیں۔

پی آئی اے کا راستہ

پاکستان کی قومی ائر لائن نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے پابندی کے باوجود وہ سعودی عرب سے اجازت لے کر   واپسی کے خواہشمند پاکستانیوں کے لئے اپنی خدمات فراہم کرتی رہے گی، پابندی کی وجہ سے پاکستان سے پروازیں خالی جائیں گی، اور سعودیہ سے واپسی کے خواہشمند پاکستانیوں کو واپس لایا جاتا رہے گا، اس سے پہلے بھی پابندی کے دوران پی آئی اے اپنے ہم وطنوں کی سہولت کے لئے ون وے  مسافر اٹھاتی رہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.