پی آئی اے نے پاسپورٹ اپنے پاس رکھنے کا فیصلہ کرلیا

0

اسلام آباد:پی آئی اےاپنے ملازمین کم کرنے کیلئے انہیں رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کی اسکیم دے رہی ہے، لیکن کچھ ملازمین نے ’’رضاکارانہ‘‘ طور پر بیرون ملک سلپ ہونا شروع کردیا ہے، صورتحال کو دیکھتے ہوئے پی آئی اے نے بالخصوص مغربی ممالک جانے والی پروازوں کے عملے کو فرار سے روکنے کیلئے نیا ضابطہ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی قومی ائرلائن میں طیاروں کے لحاظ سے عملے کی تعداد دنیا بھر میں زیادہ  ہے، جسے کم کرنے کے لئے پی آئی اے نے ملازمین کو رضاکارانہ ریٹائرمنٹ اسکیم دی ہے، تاہم کچھ ملازمین ریٹائرمنٹ  لینے کے بجائے مغربی ممالک کی پروازوں پر ڈیوٹی لگواکر وہاں سلپ ہونا شروع ہوگئے ہیں، جن میں کینیڈا سرفہرست ہے،گزشتہ کچھ روز کے دوران پی آئی اے کے دو فضائی میزبان کینیڈا میں سلپ ہوچکے ہیں، جن میں ایئر ہوسٹس زاہدہ بلوچ، فلائٹ اسٹیورڈ رمضان گل شامل ہیں۔

فضائی  میزبانوں کے سلپ ہونے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد پی آئی اے نے نیا ہدایت نامہ جاری کردیا ہے، جس کے تحت فضائی میزبانوں کے پاسپورٹ اب اسٹیشن منیجر کی تحویل میں رہیں گے۔ کیبن کریو کو امیگریشن اور کسٹم کلیئرنس کے بعد پاسپورٹ جمع کرانا ہوگا۔ یہ پاسپورٹ پروازوں کی روانگی کے وقت چیک ان پر واپس کیا جائے گا، ہوٹل میں بھی عملے پر نظر رکھی جائے گی، کسی بھی فضائی میزبان کی کمی پر ہوٹل عملہ فوری اطلاع دے گا۔کسی بھی فضائی میزبان کو رات کے اوقات میں ہوٹل کی حدود سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ واضح رہے کہ دونوں فضائی میزبانوں نے رضاکارانہ علیحدگی اسکیم سے استفادہ کرنے کے بجائے سلپ ہونے کوترجیح دی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.