سخت سردی اور کڑی نگرانی بھی تارکین کو روک نا پائی
لندن: سخت سردی اور بریگزٹ کے بعد بدلتے ہوئے حالات بھی تارکین وطن کو فرانس سے برطانیہ جانے کی کوششوں میں حائل نہ ہوسکے، انگلش چینل کی سخت برطانوی نگرانی نے تارکین کی بڑی تعداد کو پکڑوا دیا، لیکن پھر بھی کچھ تارکین بچ کر برطانیہ پہنچنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بریگزٹ کے بعد برطانیہ کی نئے تارکین کے حوالے سے پریشانی بڑھ گئی ہے، کیوں کہ اب وہ ڈبلن معاہدہ کا سہارا لے کر تارکین کو واپس یورپی ممالک میں بھی نہیں بھیج سکتا، اس لئے برطانوی حکومت نے انگلش چینل کی سخت نگرانی کا نظام وضح کیا ہے، جس میں نیوی کے وسائل بھی استعمال کئے جارہے ہیں، اس دوران سخت سردی کے باوجود اختتام ہفتہ پر جب سمندر کچھ پرسکون ہوا تو فرانس سے بڑی تعداد میں تارکین وطن نے کشتیوں کے ذریعہ انگلش چینل پار کر کے برطانیہ پہنچنے کی کوشش کی، برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے بروقت فرانسیسی حکام سے رابطہ کیا، جس کے نتیجے میں 130 تارکین وطن کو انگلش چینل پار کرنے سے روک دیا گیا۔
تاہم 17 تارکین دو چھوٹی کشتیوں میں انگلش چینل پار کرکے برطانیہ پہنچنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، ہوم آفس کا کہنا ہے کہ ان میں ایک خاتون کی حالت کافی خراب تھی، برطانوی وزیر امیگریش کرس فلپ کا کہنا ہے کہ تارکین کو سیاسی پناہ اس یورپی ملک میں طلب کرنی چاہئے، جہاں وہ سب سے پہلے پہنچے تھے، انہوں نے کہا کہ ہماری نگرانی کے نظام کی بدولت 130 تارکین کو ہم فرانس کی مدد سے رکوانے میں کامیاب ہوگئے، ہم غیرقانونی ہجرت کو روکنے کے لئے اقدامات کرتے رہیں گے، کیوں یہ ناقابل قبول ہے۔