سپرماریو کے وزیراعظم  بننے کا راستہ صاف، جوزپے کونتے کا بھی بیان آگیا

0

روم: اٹلی میں جاری سیاسی بحران کے حوالے سے تارکین وطن کیلئے اچھی خبر ہے، یورپی بینک کے سابق سربراہ ماریو دراغی کے وزیراعظم بننے کا راستہ صاف، مستعفی وزیراعظم جوسپے کونتے اور ان کی اہم اتحادی  فائیو اسٹار موومنٹ نے بھی ماریو دراغی کے لئے نرم گوشہ کا اظہار کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نامزد وزیراعظم ماریو دراغی سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کا آغاز کرنے جارہے ہیں، اور جمعہ اور ہفتہ کو ان کی پارلیمنٹ کی اہم جماعتوں کے ساتھ ملاقاتیں طے ہوگئی ہیں، ان ملاقاتوں سے قبل ہی انہیں حکومت کے لئے مطلوبہ حمایت ملتی نظر آرہی ہے، جوسپے کونتے کی حکومت گرانے کا سبب بننے والے ویوا پارٹی کے سربراہ میتیو رینزی اور پی ڈی کی سربراہ نکولا زنگراتی پہلے ہی ماریو دراغی کی حمایت کا اعلان کرچکے ہیں، لیکن ماریو دراغی کے لئے سب سے اچھی خبر پارلیمنٹ کی سب سے بڑی جماعت فائیو اسٹار موومنٹ کی طرف سے آئی، جس کے رہنما ویتو سریمی جو پہلے ٹیکنوکریٹ وزیراعظم کی مخالفت کررہے تھے، انہوں نے اب ماریو کی مشروط حمایت کا اشارہ دیا ہے۔

ویتو سریمی کا کہنا تھا کہ ہفتہ کو نامزد وزیراعظم ان سے ملیں گے، اور میں انہیں اپنی شرط بتاؤں گا کہ وہ کم ازکم آمدن کی حد مقرر کرنے کے ہمارے پروگرام کی حمایت کریں، اس کے بغیر ہم ان کی حمایت نہیں کرسکتے، موجودہ معاشی صورتحال میں عوام کے لئے معاشی اور سماجی تحفظ ضروری ہے۔ اسی طرح ماریو دراغی سے ملاقات کے بعد سابق وزیراعظم  جوسپ کونتے نے بھی تائید کردی ہے، اور کہا ہے کہ وہ ان کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنیں گے، تاہم جوسپ کونتے نے مطالبہ کیا کہ نئی حکومت میں ٹیکنوکریٹ کے بجائے سیاسی وزرا ہونے چاہیں، انہوں نے کہا کہ میں نے انہیں اپنی رائے سے آگاہ کردیا ہے، کرونا اور معاشی مسائل سے نمٹنے کے لئے ملک کو  ٹیکنو کریٹ نہیں سیاسی فیصلوں کی ضرورت ہے، اور ان کی کامیابی کیلئے دعاگو ہوں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.