اٹلی میں نئی حکومت کے قیام کی گھڑی قریب آگئی

0

روم: اٹلی میں سیاسی بحران ختم ہونے اور نئی حکومت کے قیام کی گھڑی قریب آگئی، نامزد اطالوی وزیراعظم ماریو دراغی کو پارلیمنٹ میں موجود بڑی جماعتوں کی حمایت مل گئی ہے، تاہم اب انہیں ان جماعتوں کو وزارتیں  دینے کا چیلنج درپیش ہے، اور انہوں نے اس پر مشاورت شروع کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کی ساری بڑی جماعتوں کی حمایت ملنے کے بعد ماریو دراغی کے وزیراعظم منتخب ہونے میں کوئی رکاوٹ نہیں رہی، اور نئی اطالوی حکومت کی مجوزہ تاریخ بھی سامنے آگئی ہے، لیکن فائیو اسٹار موومنٹ اور سالوینی کی لیگ پارٹی جیسی حریف جماعتوں کو ایک ساتھ کابینہ میں رکھنا ان کے لئے چیلنج ہوگا، ماریو دراغی نے اپنی کابینہ میں ان جماعتوں کے ارکان لینے کے حوالے سے مشاورت شروع کردی ہے، جبکہ وہ چھوٹے پارلیمانی گروپوں، تاجر تنظیموں اور یونین رہنماؤں سے بھی پیر اور منگل کو ملاقاتیں کریں گے، اس بات کی  توقع کی جارہی ہے کہ وہ منگل کی شام یا پھر زیادہ سے زیادہ بدھ  کو صدر سے ملاقات میں انہیں مطلوبہ حمایت ملنے کی رپورٹ پیش کردیں گے، جس کے بعد جمعہ تک نئی کابینہ حلف اٹھا لے گی۔

خیال رہے کہ نامزد وزیراعظم ماریو دراغی نے تمام پارٹیوں کے رہنماؤں سے ملاقات کی تھی، اور ان سے حمایت طلب کی تھی، جس پر پارلیمنٹ میں موجود بڑی جماعتوں کی حمایت مل گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.