دیگر یورپی ممالک کا انکار، اٹلی ایک بار پھر تارکین کی مدد کیلئے آگے آگیا

0

میلان: بحیرہ روم  کا خراب موسم اکثر اوقات کشتیوں کے ذریعہ یورپ کا رخ کرنے والوں کی جانیں لینے کا سبب بن جاتا ہے، لیکن اس بار معاملہ الٹ ہوگیا، اور یہی خراب موسم تارکین وطن کیلئے نئے راستے کھولنے کا ذریعہ بن گیا، تارکین وطن کے لئے کام کرنے والی این جی او کی کال  کام کرگئیَ۔

تفصیلات کے مطابق بحیرہ روم میں تارکین وطن کے ریسکیو کے لئے کام کرنے والی فرانسیسی این جی او ایس او ایس کے جہاز نے سمندر سے 424 تارکین وطن کو بچایا تھا، لیکن ان تارکین کے لئے اسے کوئی یورپی بندرگاہ نہیں مل رہی تھی، اس دوران ایک حاملہ خاتون اور اس کے ساتھی کو صحت کی خرابی کے بعد ہیلی کاپٹر سے مالٹا منتقل کردیا گیا، جبکہ باقی 422 مہاجرین بدستور جہاز پر تھے، بحیرہ روم میں خراب ہوتے موسم کو دیکھتے ہوئے تنظیم نے اپیل کی تھی کہ اسے بندرگاہ  پر لنگر انداز ہونے دیا جائے، ورنہ خراب موسم کے باعث مہاجرین کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

جس پر اٹلی نے ایک بار پھر انسانیت دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے دروازے مہاجرین کے اس جہاز کے لئے کھول دئیے، تارکین وطن کو لانے والے اس جہاز کیلئے سسلی کی بندرگاہ  کھولی گئی ہے، ان مہاجرین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، دوسری طرف فرانسیسی تنظیم کا کہنا ہے کہ اس کے جہاز پر سوار تارکین میں سے 8 کرونا میں بھی مبتلا ہیں، جس کے بعد ان تارکین کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، جبکہ تمام افراد کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.