یورپ آنے والی کشتیوں کو پھر حادثہ، بچنے والے بھی مشکل میں پھنس گئے

0

روم: یورپ آنے کی کوشش کرنے والے تارکین وطن کو بحیرہ روم میں ایک بار پھر حادثات پیش آگئے ہیں، جن میں بڑے جانی نقصان کا بھی خدشہ ہے، بحیرہ روم میں خراب موسم کی وجہ سے لاپتہ ہونے والوں کو زندہ یا مردہ تلاش کرنے میں بھی مشکل پیش آرہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق یورپ آنے کی کوشش کرنے والے تارکین کی ایک کشتی اطالوی جزیرے لمپاڈسیا سے 100 کلومیٹر دور ڈوب گئی ہے، جس میں 50 کے قریب تارکین وطن سوار بتائے گئے ہیں، ان میں سے 25 تارکین کو الارم فون نامی تنظیم نے بچالیا ہے، جبکہ ایک لاش برامد ہوئی ہے، امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ 22 کے قریب تارکین سمندرمیں لاپتہ ہیں، اور ان کا کچھ پتہ نہیں چل سکا، خدشہ ہے کہ وہ سمندر کی لہروں کا شکار ہوگئے ہیں، کیوں کہ موسم بھی کافی خراب چل رہا ہے، دوسری طرف جن 25 تارکین کو بچایا گیا ہے، انہیں تیونس منتقل کردیا گیا ہے ۔اس طرح جو تارکین وطن بچالئے گئے ہیں، وہ بھی دوبارہ مشکل میں پھنس گئے ہیں اور یورپ آنے کا ان کا خواب چکنا چور ہوگیا ہے۔

اس دوران مالٹا کے قریب ایک بڑی کشتی بھی خراب موسم کی وجہ سے  پھنس گئی، اور اس کے بھی ڈوبنے کا خدشہ تھا، تاہم اوپن آرمز نامی این جی او نے امدادی آپریشن کرکے 107 تارکین کو بچالیا ہے، جن میں اکثریت خواتین و بچوں کی ہے، تنظیم نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ ریسکیو آپریشن کے موقع پر لیبیا کے کوسٹ گارڈ کی کشتیاں بھی قریب موجود تھیں، واضح رہے کہ لیبیا کے حکام پکڑے جانے پر تارکین کو واپس لے جاتے ہیں، لیکن فوری طور پر ان تارکین کے بارے میں پتہ نہیں چل سکا کہ آیا انہیں بھی لیبیا کی کوسٹ گارڈ لے جانے میں کامیاب ہوگئی ہے، یا وہ اوپن آرمز کے پاس ہی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.