روم: اٹلی میں پارلیمنٹ کی ایک کے سوا باقی تمام جماعتوں نے ٹیکنو کریٹ ماریو دراغی کی سربراہی میں مخلوط حکومت تو بنالی ہے، تاہم نئے الیکشن کی بازگشت مکمل ختم نہیں ہوئی، ایسے میں نیا سیاسی سروے سامنے آیا ہے ، جس میں نئے الیکشن کی صورت میں دلچسپ منظر نامہ بننے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اطالوی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق ایس ڈبلیو جی پول ایجنسی نے نیا سروے جاری کیا ہے، جس کے مطابق ماتیو سالوینی کی لیگ پارٹی کو سب سے زیادہ 24.2 فیصد عوامی حمایت حاصل ہے، لیکن ان کی حریف جماعتیں بھی کچھ زیادہ فاصلے پر نہیں، سروے کے مطابق سالوینی کی حریف بائیں بازو کی جماعت پی ڈی 17.4 فیصد حمایت کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، پی ڈی کی اتحادی و ہم خیال فائیو اسٹار موومنٹ 17 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، قوم پرست جماعت ایف ڈی آئی جو موجودہ حکومت سے باہر رہنے والی واحد بڑی جماعت ہے، اسے بھی 17 فیصد عوام کی حمایت حاصل ہے۔
سابق وزیراعظم برلسکونی کی فروزا پارٹی جو ایک وقت میں بڑی جماعت ہوتی تھی، اب 6.5 فیصد پر کھڑی ہے، جبکہ ایک اور سابق وزیراعظم میتیو رینزی کی ویوا پارٹی کو صرف 2.2 فیصد اور Azione کو 3.2 فیصد حمایت حاصل ہے، دیگر تین جماعتوں یورپی یونین کی حامی Più Europa اٹالین لیفٹ اور گرین کو دو دو فیصد کی حمایت حاصل ہے۔ اس طرح اگر اٹلی میں الیکشن ہوتے ہیں، تو دلچسپ صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، کیوں کہ سالوینی اور ان کے اتحادی برلسکونی اور قوم پرست جماعت ایف ڈی آئی کو تقریباً 48 فیصد ووٹ مل سکتے ہیں، جبکہ پی ڈی اور فائیو اسٹار بھی اپنے دیگر اتحادیوں سے مل کر ان کے برابر آنے کی پوزیشن میں آسکتے ہیں۔