فرانس میں کام اور اٹلی کے کاغذات والے ہوجائیں ہوشیار

0

روم: فرانس میں کام کرکے اٹلی میں کاغذات بنوانے والے ہوجائیں ہوشیار، اٹلی میں تارکین وطن کو پرمٹ اور امیگریشن دلوانے کے لئے جعلی کاروباری کمپنی چلانے والے تارکین کا گروپ پکڑا گیا ہے، مذکورہ گروپ اپنے ہم وطنوں کو فرضی کمپنی کی دستاویز بنا کر انہیں کاغذات دلوانے میں معاونت فراہم کرتا تھا۔

بندے فرانس یا دیگر ممالک میں کام کررہے ہوتے تھے، لیکن انہیں ظاہر اٹلی میں کیا جاتا تھا، تفصیلات کے مطابق اٹلی کے شہر  Lodi میں پولیس نے چھاپہ مار کر تارکین وطن کا ایک ایسا گروپ پکڑا ہے، جو اپنے ہم وطنوں کو اٹلی کا پرمٹ اور امیگریشن دلوانے کے لئے 2 فرضی کمپنیاں چلارہا تھے، تارکین وطن کو مذکورہ کمپنی کا ملازم ظاہر کرکے ان کے پرمٹ بنوائے اور ان کی تجدید کرائی جاتی تھی، حالاں کہ ان میں سے بیشتر تارکین اٹلی کے بجائے فرانس میں کام کررہے ہوتے تھے، اس دھندے میں ملوث دو مصری باشندوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے،  تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ معاملے میں ملوث Cremona کی اکاؤنٹنٹ فرم کا لائسنس بھی معطل کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اٹلی میں غیرملکیوں کو پرمٹ فروخت کرنے کا بڑا اسکینڈل سامنے آگیا

حکام کے مطابق اس کیس پر 2018 سے تحقیقات جاری تھیں، جن Lodi میں حکام نے  اطلاع دی تھی کہ مصری باشندوں کی طرف سے رجسٹر کرائی گئی دو تعمیراتی کمپنیاں غیر فعال ہیں، لیکن یہ کمپنیاں اپنے پاس کئی ملازمین کو بھرتی دکھا رہی تھیں، جو سب کے سب مصری تھے، مذکورہ کمپنیوں کی جانب سے ان مصری ملازمین کو تنخواہ کے چیک بھی دئیے جاتے تھے۔

جن کے ذریعہ ان کی اٹلی میں قانونی حیثیت برقرار رکھنے کی راہ ہموار کی جاتی تھی، تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ یہ دونوں کمپنیاں صرف کاغذات پر موجود تھیں، اور ان کا مقصد مصریوں کو رہائشی پرمٹ دلوانا اور ان کی تجدید کرانا تھا، ان میں سے بیشتر مصری اٹلی کے کاغذات پر فرانس میں کام کرتے تھے، لیکن ان کے پرمٹ کی تجدید کے لئے انہیں ان کمپنیوں کا ملازم ظاہر کیا جاتا تھا، فرضی کمپنیاں چلانے والے دونوں مصری فی پرمٹ 2 ہزار یورو وصول کرتے تھے، حکام کا کہنا ہے کہ اس کیس میں 74 افراد کیخلاف تحقیقات کی جارہی ہیں، جن میں ان فرضی کمپنیوں کے ذریعہ پرمٹ حاصل کرنے والے شامل ہیں۔

خیال رہے کہ ایک ماہ قبل بھی اٹلی میں رہائشی پرمٹ فروخت کرنے کے بڑے اسکینڈل سامنے آیا تھا، جس میں سرکاری افسران سمیت دو گروپ ملوث تھے، پولیس نے کارروائی کرکے 24 افراد کو پکڑا تھا، جن میں سرکاری افسران، پولیس اہلکار، اٹارنیز سمیت دیگر شامل تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.