اٹلی میں نئے تارکین کو ملازمتوں سمیت سہولتیں ملیں گی، سینٹرز منظور

0

روم: اٹلی میں  نئے آنے والے تارکین وطن کے لئے اچھی خبر ہے، سسلی ریجن جہاں سب سے زیادہ تارکین آتے ہیں، وہاں کی صوبائی حکومت نے تارکین کو صحت اور روزگار سمیت دیگر سہولتیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور اس  کے لئے فنڈز بھی رکھ دئیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سسلی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ نئے آنے والے تارکین وطن اور مقامی باشندوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لئے پروگرام شروع کیا جائے گا، واضح رہے کہ اٹلی میں سب سے زیادہ تارکین وطن لمپاڈسیا جزیرہ پہنچتے ہیں، اور یہ جزیرہ سسلی میں ہی واقع ہے، صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ ان تارکین کے لئے فلاحی پروگرام شروع کرنے جارہی ہے، جنہیں رہائشی پرمٹ یا پناہ کی منظوری مل جاتی ہے، ان تارکین وطن کی سسلی میں تعداد دو لاکھ کے قریب بتائی جارہی ہے، حکومت ایسے تارکین کے لئے خصوصی مراکز قائم کرے گی، جس کے لئے ابتدائی طور پر 1.4 ملین یورو کی رقم مختص کردی گئی ہے۔ سسلی کے اخبار La Sicilia نے ریجن کے سماجی امور کے کونسلر Antonio Scavone کے حوالے سے بتایا ہے کہ سینٹرز کے قیام کے لئے ٹینڈر پہلے ہی جاری کردیا گیا ہے۔

اٹلی میں تارکین وطن کیلئے قائم ریسیپشن سینٹر

تارکین کے لئے قائم کئے گئے ان سینٹرز میں انہیں صحت اور سوشل سہولتوں کے ساتھ رہائش اور روزگار کے لئے بھی انتظام کیا جائے گا۔ سسلی کے  کونسلر کا کہنا تھا کہ تارکین وطن پہلے ہی ہمارے سماجی اور معاشی شعبوں کا حصہ ہیں، ان میں سے بہت سے زراعت کے کام کررہے ہیں، ہم ان امور کو منظم کرنا چاہتے ہیں، تاکہ وہ ہماری کمیونٹی کا زیادہ سرگرم حصہ بن سکیں، انہیں صحت کی تمام سہولتیں میسر آئیں، اور ان کی صلاحیت کے مطابق انہیں ملازمت دلوائی جائی، تاکہ وہ تیزی سے اطالوی معیشت کا حصہ بن سکیں، اسی طرح ان سینٹرز کے قیام سے تارکین کا بالخصوص زرعی شعبے میں استحصال روکنے میں بھی مدد ملے گی۔

سابق وزیرداخلہ ماتیو سالوینی تارکین کیلئے قائم یورپ کے سب سے بڑے ریسیپشن سینٹر کا دورہ کررہے ہیں، اس کیمپ کو 2019 میں وزیرداخلہ ماتیو سالوینی کے دور میں بند کردیا گیا تھا
Leave A Reply

Your email address will not be published.