لالچی شہری نے ماں کے ساتھ کیا سلوک کیا، کیسے پکڑا گیا؟

0

برسلز: لالچ بری بلا ہے، لیکن پیسے کی لالچ میں انسان نہ جانے کیا کیا کر جاتا ہے، ایسا ہی معاملہ ایک خوش حال یورپی ملک میں پیش آیا ہے، جہاں بیٹے نے لالچ میں ماں کے ساتھ ایسا سلوک کیا ہے کہ حکام بھی معاملہ جاننے کے بعد پریشان ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق انشورنس کی رقم لینے کے لئے جعلی اموات کا ڈرامہ رچانے کے واقعات تو دنیا بھر میں پیش آچکے ہیں، لیکن یورپی ملک آسٹریا میں ایک نئی طرح کی واردات ہوئی ہے، جس میں بیٹے نے ماں کو ملنے والے حکومتی فوائد لینے کے لئے اس کی لاش کو فرعون کی لاش کی طرح ممی کرنے کی کوشش کی اور وہ اسے کامیابی سے ایک سال سے زائد تک چلاتا بھی رہا، حکام کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ آسٹریا کے علاقے Tyrol میں پیش آیا ہے، جہاں 66 سالہ ملزم (جس کی ماں گزشتہ سال جون میں انتقال کرگئی تھی)، نے ماں کے نام پر ملنے والی حکومتی رقم حاصل کرتے رہنے کے لئے ماں کی لاش کو گھر کی بیسمنٹ میں چھپا دیا، اور بدبو سے بچنے کے لئے اس نے لاش کے آس پاس آئس پیک بھی لگا دیے۔ پھر لاش سے مواد کو روکنے کے لئے اس پر پٹیاں بھی باندھ دیں، اور یوں اپنے طور پر لاش کو ممی کرکے محفوظ بنادیا، جب اس کا بھائی کچھ عرصہ بعد آیا اور ماں کا پوچھا تو اس نے اسپتال میں داخل ہونے کا بتایا، اس دوران وہ ہر ماہ ماں کے نام پر حکومتی رقم وصول کرتا رہا۔

تاہم حال ہی میں پرانا پوسٹ مین تبدیل ہوا اور نیا آیا تو اس نے مذکورہ شخص سے کہا کہ وہ رقم دینے سے قبل اس کی ماں کو دیکھنا چاہتا ہے، جس پر ملزم نے اسے گھر کے اندر لے جانے سے انکار کیا، اور اصرار کیا کہ رقم اسے دے دی جائے، تاہم پوسٹ مین نے معاملہ مشکوک لگنے پر حکام کو آگاہ کیا، جس کے بعد پولیس نے چھاپہ مار کر لاش برآمد کرلی۔

یہ بھی پڑھیں: انشورنس کے پیسے حاصل کرنے کیلئے یورپی دوشیزہ نے ہاتھ کاٹ دیا

لاش کا پوسٹ مارٹم بھی کرایا گیا تاکہ یہ پتہ چلایا جاسکے کہ اس کی موت طبعی تھی یا کہیں ملزم نے تو اسے نہیں مار دیا تھا، البتہ موت طبعی نکلی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنی 89 سالہ ماں کے نام پر ایک سال میں 50 ہزار یورو وصول کئے ہیں، اور اس کے خلاف فراڈ اور لاش چھپانے کا کیس بنادیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.