اوورسیز پاکستانیوں کے کیسوں کا جلد فیصلہ ہوگا، لاہور ہائیکورٹ میں اہم اجلاس

0

لاہور: ماتحت عدلیہ میں اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات کے جلد فیصلوں کے لئے لاہور ہائیکورٹ متحرک ہوگئی ہے، گجرات سمیت 5 اضلاع میں ماتحت عدلیہ سے اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات پر پیشرفت رپورٹ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سماعت کرنے والے ججوں کی تربیت بھی کی جائے گی، تاکہ کیسز کا فیصلہ جلد کیا جاسکے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان کی زیر صدارت عدالت عالیہ لاہور کے اوورسیز پاکستانی سیل کا اجلاس ہوا، جس میں جسٹس جواد حسن نے بھی خصوصی شرکت کی، اس موقع پر ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری مسعود ارشد، ڈائریکٹر اوورسیز پاکستانی سیل عمران صفدر، سیکرٹری اوورسیز پاکستانی سیل عارف جاوید ڈار اور ڈپٹی رجسٹرار کمرشل شفقت مگھیانہ بھی موجود تھے۔ اجلاس میں وائس چیئرمین پنجاب اوورسیز پاکستانی کمیشن وسیم اختر رامے، ڈائریکٹر لیگل پنجاب اوورسیز پاکستانی کمیشن راجہ زبیر احمد بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے اوورسیز پاکستانی سیل کو مزید فعال بنایا جائے گا، تا کہ تارکین وطن کو اس سیل سے زیادہ سے زیادہ فائدہ ہوسکے۔

یہ بھی پڑھیں: اوورسیز پاکستانیوں کو جلد انصاف دلانے کیلئے پنجاب کا بڑا فیصلہ

جسٹس شجاعت علی خان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، انکے تمام معاملات کو حل کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے، تارکینِ وطن پاکستانیوں کے مقدمات کے فیصلے ترجیحی بنیادوں پر کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ فاضل جسٹس نے ہدایت کی کہ پانچ ایسے اضلاع جہاں اوورسیز پاکستانیوں کے زیرِ التواءمقدمات کی تعداد زیادہ ہے، وہاں کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز سے اوورسیز مقدمات میں غیر ضروری التواء کی وجوہات معلوم کی جائیں۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات کی سماعت کرنے والے ججز کو پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں بہترین تربیتی کورسز کروانے کے لئے لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ اس موقع پر جسٹس جواد حسن کا کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ کے زیر انتظام قائم اووسیز پاکستانی سیل کی کاوشوں سے تارکینِ وطن پاکستانیوں کو بہت ریلیف مل رہا ہے۔ لوگوں کا عدالتوں پر اعتماد بڑھا ہے۔ تاہم ابھی بہت کام کرنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی رہنمائی میں عدالت عالیہ لاہور کے اوورسیز پاکستانی سیل کو مزید فعال اور موثر بنایا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جائیداد چھڑانے کی کوشش کیوں کی، پنجاب میں اوورسیز خاتون پر سیاسی رہنما کا حملہ

واضح رہے کہ اوورسیز پاکستانی کسی ناانصافی یا ماتحت عدالت میں کیس چلنے میں تاخیر پر لاہور ہائیکورٹ کے اس سیل میں وکیل کے ذریعہ یا خود بھی درخواست دے سکتے ہیں،

Leave A Reply

Your email address will not be published.