زرداری پھر قانون کو چکمہ دے گئے، فرد جرم ملتوی

0

اسلام آباد: ماضی میں کرپشن کیسز سے بچنے کیلئےخود کو ڈامینشیا (ذہنی مریض ) ظاہر کرنے والے ییپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری قانون کو پھر چکمہ دینے میں کامیاب ہوگئے۔

نیشنل بینک کا ڈھائی ارب کا قرضہ ہڑپنے کے پارک لین کیس میں ویڈیو لنک کے ذریعہ فرد جرم عائد کرنے کے تمام انتظامات مکمل ہونے کے باوجود معاملہ پھر التوا میں چلا گیا، زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے فرد جرم عائد ہونے سے قبل ہی در خواست دائر کرکے اسے چیلنج کردیا۔

اس موقع پر احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اعظم خان نے کہا کہ آج فرد جرم کیلئے تمام انتظامات مکمل کئے گئے ہیں اور آپ نئی در خواست لے آئے ہیں۔

فاروق نائیک نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے ریفرنس کے بغیر مقدمہ نہیں بن سکتا، نیب نے غلط مقدمہ بنایا ہے، اس پر عدالت نے کہا کہ اتنے ماہ سے کیس چل رہا ہے، یہ درخواست آپ نے پہلے کیوں نہیں دی تا کہ عدالت اس پر فیصلہ سناتی، آج فرد جرم لگنی ہے تو آپ درخواست لے آئے۔

اس موقع پر فاضل جج نے فاروق نائیک سے کہا کہ چلیں اب آپ اس پر دلائل دیں تو فاروق نائیک نے پھر قانونی داٶ پیچ کھیلتے ہوئے کہا کہ ان کی تیاری نہیں ہے، وقت دیا جائے۔

اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فاروق نائیک خود درخواست دے رہے ہیں اور خود ہی کہہ رہے ہیں کہ تیاری نہیں ہے، عدالت انہیں التوا نہ دے۔

عدالت نے بھی یہ سوال فاروق نائیک سے کیا، اور کہا کہ آپ کو دو دن دیتے ہیں، جمعرات کو تیاری کرکے آجائیں، تاہم فاروق نائیک جن کا مقصد معاملہ التوا میں ڈالنا لگ رہا تھا پھر بولے کہ جمعرات کو وہ سپریم کورٹ میں ہوں گےایک ہفتہ کی مہلت دی جائے۔

اس پر عدالت نے سماعت 14 جولائی تک ملتوی کردی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.