ٹڈی دل نے بھارت کو پاکستان کی یاد دلادی، مدد کی درخواست

0

اسلام آباد:چینی فوج کے ساتھ ٹڈی دل کی یلغار کا سامنا کرنے والے بھارت کو پاکستان کی یاد آگئی، پاکستان سے ٹڈی دل کیخلاف تعاون کی درخواست کردی۔

تفصیلات کے مطابق ٹڈی دل نے 4 بھارتی ریاستوں راجھستان ،مدھیہ پردیش،ہریانہ اور پنجاب میں تباہی مچادی ہے اور فصلوں کی فصلیں چٹ کرگئے ہیں، پاکستان سے ٹڈیوں کے مزید غول کے غول بھارت میں مسلسل داخل ہورہے ہیں، لاک ڈاٶن کےمسائل میں الجھی بھارتی سرکار کورونا کے بعد ٹڈی دل کےمعاملے میں بھی ناکام نظر آرہی ہے ،جس سے بھارت میں امسال کسانوں میں خودکشیوں کی شرح مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

اہم ذرائع نے ’’احساس نیوز‘‘ کو بتایا کہ ٹڈی دل کے حملوں سے پریشان بھارت نے گزشتہ چند روز کے دوران رسمی اور غیررسمی دونوں ذرائع سے پاکستان سے رابطے کی کوششیں کیں اور ٹڈی دل کے مسئلے سے مشترکہ طور پر نمٹنے کیلئے رابطے کا گروپ بنانے پر اصرار کیا تاہم پاکستان نے بھارت کی تجویز مسترد کردی ہے اور واضح کیا ہے کہ بھارت جب تک مقبوضہ کشمیر سے متعلق اپنے غیرقانونی فیصلے واپس نہیں لیتا ،اس کے ساتھ کسی قسم کا ورکنگ گروپ نہیں بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان چین کی مدد سے پہلے ہی ملک میں ٹڈی دل کیخلاف آپریشن شروع کرچکا ہے اور چین نے اس حوالے سے پاکستان کو لاکھوں لیٹر کیمکل اور آلات فراہم کردئیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق رابطہ گروپ کی دال نہ گلنے پر بھارتی حکام نے معلومات کے تبادلے کی تجویز دی تاہم اس پر بھی اسے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ بھارت اس وقت چین کے ساتھ سرحدی کشیدگی اورلاک ڈاٶن سے جڑے مسائل کے باعث پہلے ہی الجھا ہوا ہے ،ساتھ ہی ٹدی دل کے حملوں نے اس کی کمزور ہوتی معیشت کیلئے مسائل بڑھادئیے ہیں اور وہاں غذائی بحران کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

ٹڈی دل کا روایتی روٹ ہے کہ وہ ایران کے راستے پاکستان اور یہاں سے وہ بھارت داخل ہوتے ہیں ، بھارت کی کوشش تھی کہ پاکستان کے ساتھ تعاون کا ڈول ڈال کرٹڈی دل کی نقل وحرکت کی پیشگی معلومات اور تجربات سے استفادہ کرسکے ،تاہم وہ ناکام رہا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.