نئی ایرانی کرنسی تیزی سے گرنے لگی،مہنگائی 40 فیصد سے تجاوز

0

تہرانا:ایرانی کرنسی ریال کے بعد اس کی جگہ لائی گئی نئی کرنسی تومان بھی تیزی سے گرنے لگی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی کرنسی تومان کی گراوٹ میں ایک بار پھر تیزی دیکھی جارہی ہے اور ایرانی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں کم ترین پر ٹریڈ کررہی ہے اور 18 ہزار ایرانی تومان کا ایک ڈالر مل رہا ہے۔

گزشتہ تین ہفتوں کے دوران ڈالر کے مقابلے میں تومان کی قدر 2 ہزار تک کم ہوئی ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں ایرانی تومان کی قیمت ڈالر کےمقابلے میں 16 ہزار تھی ،یعنی ایک ڈالر کے 16 ہزار تومان مل رہے تھے۔

دوسری جانب ایران میں افراط زر 41 فیصد کی خطرناک حدوں کو چھو رہا ہے،مہنگائی کے اس طوفان سے ایرانی عوام کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں ۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی پابندیوں اور تیل قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے باعث ایرانی معیشت شدید دباو میں ہے، کرنسی کی گراوٹ اور مہنگائی کی شرح 41 فیصد تک پہنچنے سے عوام کو روز مرہ اشیا کی خریداری میں مشکلات کا سامنا ہے۔

خیال رہے کہ ایرانی پارلیمنٹ نے بینک نوٹ سے چار زیرو ختم کرنے اور ریال کی جگہ تومان کو مکمل طور پر اپنانے پر اتفاق کیا ہے۔

فیصلے کے تحت اگلے دو سے پانچ سالوں میں ایرانی ریال کی جگہ تومان سے قیمتوں کا تعین کیا جائے گا-

ایک تومان دس ہزار ریال کے برابر ہوگا، اگرچہ اس سے ایرانی معیشت پر کوئی اثرات نہیں پڑیں گے تاہم اس سے عوام پر نفسیاتی اثرات مرتب ہوں گے کیونکہ انڈوں کے پیکٹ کے لئے ڈھائی ہزار ریال ادا کرنے کے بجائے ، آپ کو صرف 25 تومان ادا کرنا پڑیں گے۔

واضح رہے کہ اس وقت کھلی منڈی میں ایک امریکی ڈالر خریدنے کے لئے ڈیڑھ لاکھ ایرانی ریال ادا کرنے پڑتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.