ترکی نے پاکستانی مصنوعات پر بھی بھاری ڈیوٹی عائد کردی، برآمدکنندگان کا حکومت سے مداخلت کا مطالبہ

0

رپورٹ: خالد جوئیہ

ترکی نے پاکستانی مصنوعات پر بھی بھاری ڈیوٹی لگادی، برآمدکنندگان حکومت سے مداخلت کا مطالبہ

استنبول: کورونا بحران کے باعث بڑھتے تجارتی خسارے پر قابو پانے کیلئے ترکی نے درآمدات پر 50 فیصد تک اضافی ڈیوٹی نافذ کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترک حکومت کی جانب سے چمڑے ،ٹیکسٹائل، کھیلوں کے سامان،آٹو پارٹس اور جوتوں سمیت 2 ہزار سے زائد اشیا پر اضافی ڈیوٹی کا نفاذ کیا گیا ہے ،جس سے پاکستان بھی متاثر ہوگا۔

ترکی نے اضافی ڈیوٹی سے یورپی یونین اور ان 21 ممالک کو استثنیٰ دیا ہے جن کے ساتھ ترکی کے آزادانہ تجارت کے معاہدے ہیں۔

ترکی کے اس فیصلے سے پاکستانی برامد کنندگان کیلئے بھی پریشانی ہوگئی ہے اور انہوں نے حکومت سے اس معاملے پر فوری ترکی کی حکومت سے بات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان سے چمڑے کے مصنوعات ترکی برامد کرنے والے ایک برامد کنندہ کا کہنا ہے کہ ان کی کچھ شپمنٹ راستے میں تھیں لیکن اب وہ بھی اضافی ڈیوٹی کے فیصلے کی زد میں آجائیں گی، اسی طرح کچھ دیگر پاکستانی برامد کنندگان کا سامان بھی راستے میں ہے، یا بندرگاہ پہنچ چکا ہے، ایسے میں اضافی ڈیوٹی کے نفاذ سے انہیں نقصان ہونے کاخدشہ ہے، اس اقدام کے بعد پاکستان سے چمڑے اور کھلیوں کے سامان کی ترکی میں برامد عملی طور پر ختم ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ فیصلہ کرتے وقت ترک حکومت نے اسے مدنظر نہیں رکھا۔

برآمد کنندگان نے وزیراعظم عمران خان اور وزارت صنعت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کو ترکی کے ساتھ اٹھائیں ، پاکستانی سفارتخانہ کو بھی متحرک کیا جائے ،تاکہ پاکستانی مصنوعات کو اضافی ڈیوٹی سے استثنیٰ دلایا جاسکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.