”آگوسٹا“ کک بیکس کیس میں فرانس میں سزائیں، پاکستان میں بھی سیاسی دھماکہ ہوگا؟

0

پیرس: فرانس میں پاکستان سے جڑے مشہور زمانہ آگوسٹا آبدوز کک بیکس ریفرنس میں  3 سابق عہدیداروں  سمیت 6 افراد کو قید کی سزائیں سنادی گئی ہیں، جو  اس کیس میں اہم پیشرفت ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس کیس میں سابق پاکستانی صدر آصف زرداری کا نام بھی  آتا رہا ہے، جو 1994 میں اس دفاعی سودے کے وقت پاکستانی وزیراعظم بینظیر بھٹو کے شوہر اور اس وقت کی اہم حکومتی شخصیت تھے۔

بعد ازاں 2002 میں کراچی میں  آگوسٹا آبدوزوں کے منصوبے پر کام کرنے والے  فرانسیسی انجیئنرز کی  گاڑی دھماکے سے اڑا دی گئی تھی ،جس میں 15 فرانسیسی ہلاک ہوگئے تھے ۔

اس دھماکے کے بعد یہ بازگشت سنائی دی  تھی کہ فرانسیسی کمپنی کی جانب سے  طے شدہ کک بیکس نہ دینے پر   گھپلے میں شامل  اہم پاکستانی سیاسی شخصیت نے اسے نشانہ بنوایا تھا تاہم  فرانسیسی سیکورٹی ادارے ڈی جی ایس آئی نے گزشتہ برس کہا تھا کہ انہیں زیادہ شبہ ہے کہ حملہ اسلامی انتہا پسندوں نے کیا ہوگا۔

پیرس کی عدالت نے  پیر کے روز اس کیس میں 6 افراد کو سزا سنائی ہے ، جن پر 1994 پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ دفاعی سودوں میں کئی  ملین یورو کک بیکس کا الزام  ثابت ہوگیا ہے، ان مجرموں کو ’’کراچی اسکینڈل ‘‘ پر  2  سے 5 برس کی سزا سنائی گئی ہے ۔

یہ فرانس میں اس اہم کیس میں پہلی سزائیں ہیں، اس کیس میں سابق صدر  اور اہم سیاسی رہنماؤں کے نام بھی شامل ہیں، تاہم فی الوقت ان کے قریبی افراد کو سزائیں سنائی گئی ہیں، ان میں سابق صدارتی امیدوار بیلاڈر کے انتخابی مہم کے انچارج نکولس بیزر، سابق وزیردفاع فرانسس لیٹورڈ کے مشیر رینوڈ ڈی ویبرس کے اور سابق وزیر بجٹ نکولس سرکوزی کے ساتھی تھیری گبرٹ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ سرکوزی بعد میں فرانس کے صدر بھی  رہے ہیں، عدالت نے نکولس بیزر اور رینوڈ ڈی ویبرس کو 3 برس قید کی سزا سنائی ہے اور قرار دیا ہے کہ یہ دونوں جانتے تھے کہ بلیڈر کی صدراتی مہم کے اکاؤنٹ میں 10 ملین فرانک سے زیادہ رقم  مشکوک ذرائع سے آئی ہے۔

فرینچ نیول ڈیفنس کنٹریکٹر ڈی سی این کے سابق سربراہ برائے انٹرنیشنل ڈویژن تھیری گبرٹ کو 2 برس قید کی سزا دی گئی ہے، کیس میں مفرور 2 لبنانی مڈل مین جنہوں نے کک بیکس طے کرائی تھیں، انہیں غیر حاضری میں 5 برس قید کی سزا عدالت نے دی ہے ،اور دونوں  مجرموں زید تقی الدین اور عبدالرحمن  العسیری کو گرفتار  کرکے لانے کا حکم جاری  کیا ہے۔

عدالت نے اس کیس میں سابق صدر 90 سالہ  بیلاڈر اور سابق وزیر دفاع  لیوٹرڈ پر بھی فرد جرم عائد کی ہے اور ان پر آنے والے مہینوں میں اس خصوصی ٹریبونل میں مقدمہ چلایا جائے گا، جو حکومتی شخصیات کی کرپشن اور بے ضابطگیوں پر کیس سنتا ہے ۔

بیلاڈر 1995 میں صدارتی امیدوار تھے  لیکن وہ یاک شیراک  سے  یہ دوڑ ہار گئے ، یاک شیرا ک نے فرانس کا صدر بننے کے بعد معاملہ علم میں آنے پر   بقایا کک بیکس کی ادائیگی رکوا دی تھی۔

اس کے بعد 2002 میں  کراچی میں فرانسیسی انجینئرز کی گاڑی کو دھماکے سے نشانہ بنایا گیا ، تو اس وقت یہ اطلاعات گردش کرتی رہیں کہ  کک بیکس  رکنے پر پاکستانی سیاسی شخصیت نے  انتقام لیا ہے۔

 فرانسیسی عدالت نے  جس زید تقی الدین  کو غیر حاضری میں سزا سنائی ہے ، وہ لبنانی نژاد فرانسیسی تاجر ہے  اور اس کے  فرانس  کے قدامت پسند سیاسی رہنماوں سے قریبی تعلقات رہے ہیں ، تقی الدین نے 2016 میں یہ انکشاف کرکے  تہلکہ مچادیا تھا کہ  اس نے  لیبیا کے  حکمران معمر قذافی  سے   سرکوزی کی 2017 کی انتخابی مہم کیلئے  کئی ملین یورو کیش لئے تھے ۔

نکولس سرکوزی  پر انتخابی  مہم  کیلئے رشوت اور غیر قانونی فنڈز لینے پر 2018 میں فرد جرم عائد کی گئی تھی، تاہم انہوں نے اس کیخلاف اپیل کررکھی ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.