چین سے لفظی جنگ میں بھارت نے علاقہ کھونے کا اعتراف کرلیا ،مودی کا جھوٹ بے نقاب

0

بیجنگ: بھارت اور چین میں لداخ  سرحد پر جھڑپوں کے بعد دونوں ملکوں کے ترجمانوں میں لفظی جنگ بھی چھڑ گئی، جس کے دوران بھارتی ترجمان نے چین کے ہاتھوں علاقہ کھونے کا اعتراف کرلیا اور اس طرح خود ہی بھارتی حکومت نے اپنے وزیراعظم مودی کا وہ جھوٹ بے نقاب کردیا، جو انہوں نے جمعہ کو یہ کہہ کر بولا تھا کہ چین نے ہماری ایک انچ زمین پر قبضہ نہیں کیا۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے جمعہ کو دونوں ملکوں کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی رفع دفع کرنے کی کوشش کی تھی اور کہا تھا کہ ہم نے کسی کے علاقے پر قبضہ کیا ہے اور نہ ہمارا علاقہ اس وقت کسی کے قبضے میں ہے۔

لیکن ہفتہ کو بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے چین پر لائن آف ایکچوئل کنٹرول پار کر کے ڈھانچے کھڑے کرنے کا الزام لگایا، اور کہا کہ بھارت کی درخواست کے باوجود چین تعمیراتی کام روکنے سے انکاری ہے۔

بھارتی ترجمان نے کہا کہ بھارت متنازع سرحد پر یکطرفہ طور پر کسی قسم کی تبدیلیاں کرنے کی اجازت نہیں دے گا تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ چین کو کیسے روکیں گے۔

دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لی جیان نے بھارتی فوجیوں پر اشتعال انگیزی  کا الزام لگایا ہے، ترجمان نے گلوان پر چین کا حق دہرایا اور کہا کہ وادی گلوان ہمارا حصہ ہے۔

مسٹر ژاؤ نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کی جانب سے ایل اے سی عبور کرنے اور وہاں مذاکرات کے لیے موجود چینی فوجیوں پر حملے سے صورتحال بگڑی تھی ، جس میں بھارتی فوج کو نقصان اٹھانا پڑا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.