افغانستان میں تعاون کے خواہشمند امریکہ سے بھارتی دہشت گردی پر دوٹوک بات کرنے کا فیصلہ

0

اسلام آباد: ( تصدق حسین )پاکستان نے بھارت کی جانب سے ملک کے اندر دہشت گردی کرانے اور اس کیلئے افغان سرزمین کے استعمال کا معاملہ امریکہ کےسامنےاٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، اور امریکی حکام کو دوٹوک انداز میں یہ پیغام دیا جائے گا  کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال ہونے سے روکیں، امریکہ پاکستان سے افغان امن عمل میں تسلسل کے ساتھ تعاون کا خواہشمند ہے، تو اسے بھی پاکستان میں بھارتی دہشت گردی بند کرانے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کی بدھ کو اسلام آباد  آمد متوقع ہے، جہاں وہ سول اور فوجی قیادت سے افغان امن عمل آگے بڑھانے پر بات کریں گے، ذرائع کے مطابق پاکستانی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ بغیر کسی لگی لپٹی کے اس معاملے میں امریکہ سے بات کی جائے گی اور واضح کیا جائے گا کہ پاکستان کیلئے اپنے ملک کے اندر امن سب سے اہم ہے۔

بھارت افغان سرزمین کو پاکستان کیخلاف استعمال کررہا ہے اور امریکہ اسے روکنے میں ناکام ہے، اس طرح گاڑی آگے نہیں چل سکتی ۔

ذرائع کےمطابق امریکی حکام پر واضح کیا جائے گا کہ پاکستان نے امریکہ کو افغانستان امن عمل میں بہت تعاون فراہم کیا ہے اور اب امریکہ کی باری ہے کہ وہ افغان سرزمین کا استعمال پاکستان کیخلاف روکے اور بھارت پر بھی دباؤ ڈالا جائے کہ وہ سرحد پار دہشت گردی بند کرے۔

امریکی حکام کو شواہد کےساتھ  بتایا جائے گا کہ کراچی  اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کرنے والی تنظیم بی ایل اے کو کس طرح بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ پاکستان میں دہشت گردی کیلئے استعمال کررہی ہے، تنظیم کے دہشت گردی کیمپ افغانستان میں چلائے جارہے ہیں، جس میں بھارت کے ساتھ افغان انٹیلی جنس اور حکومت عناصر بھی ملوث ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.