سوشل میڈیا اخلاق تباہ کررہا ہے، ترک صدر نے ڈنڈا اٹھا لیا، بند کرنے کی تیاری

1

استنبول: ترک  صدر طیب اردوان نے بے لگام سوشل میڈیا کو مزید سختی سے کنٹرول کرنے اور بند کرنے کی تیاری کرلی ہے، جبکہ دوسری جانب صدر کی بیٹی کے امید سے ہونے کی خبر پر اخلاق سے گرے  ہوئے تبصرے کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے، اور متعدد افراد گرفتار کرلئے گئے ہیں، پولیس مزید چھاپے بھی مار رہی ہے، عوام نے بھی صدر کی صاحبزادی اور خاندان کے بارے میں نازیبا الفاظ کے استعمال پر سخت  ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ترک صدر طیب اردوان کے داماد اور وزیرخزانہ بیرات البیراک نے کہا تھا کہ ان کے ہاں چوتھی اولاد متوقع ہے اور انہوں نے اپنے بیٹے کا نام حمزہ صالح  تجویز کیا ہے، ان کی اس پوسٹ پر بعض ترک صارفین نے انہیں ان کی اہلیہ اسریٰ سمیت غیر اخلاقی پوسٹوں کے ذریعہ نشانہ بنایا۔

صدر کی صاحبزادی اسریٰ کے بارے میں اخلاق سے گری ہوئی پوسٹوں پر ترک عوام نے بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا، جبکہ پولیس نے بھی  ملوث لوگوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا۔

ترک صدر کا اعلان

صدر اردوان نے غیر اخلاقی پوسٹوں پر سخت  ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسی لئے سوشل میڈیا کے خلاف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب سوشل میڈیا کو سخت لگام ڈالنے کا وقت آگیا ہے، جو سوشل میڈیا کمپنی ہمارے قوانین نہیں مانے گی، اسے ملک میں بند کردیا جائے گا، انہوں نے نام لے کر کہا کہ یو ٹیوب،ٹوئٹر اور نیٹ فلیکس جیسے مغربی ادارے لوگوں کا اخلاق تباہ کرنے کا ذریعہ بنے ہوئے ہیں، اب بہت ہوگیا، اس کی مزید اجازت نہیں دیں گے۔

پارٹی رہنماؤں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ فوری طور پر سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کا بل تیار کیا جائے اور ہم اس سال کےاختتام سے پہلے اسے پارلیمنٹ سے منظور کرا کے نافذ کردیں گے، ہم مغربی کمپنیوں کو اپنے عوام کا اخلاق تباہ کرنے کی چھوٹ نہیں دے سکتے۔

ان کا کہناتھا کہ تمام سوشل میڈیا کمپنیوں کو ترکی میں دفاتر کھولنے کا پابند بنایا جائے گا، جو کمپنی دفتر نہیں کھولے گی، اس کی سائٹ ترکی میں نہیں کھلے گی، ان کمپنیوں کو ترکی میں کاروبار کرنا ہے، تو ہمارے نظام کے سامنے جوابدہ ہونا پڑے گا۔

1 Comment
  1. Tasadduq hussain says

    ترکی ایسا کر سکتا ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.