فرانسیسی صدر نے عوام میں مقبول ہوتے وزیراعظم سے استعفیٰ لے لیا، نئی حکومت قائم

0

پیرس: فرانسیسی صدر ایمانوئیل  میکرون نے وزیراعظم ایڈورڈ فلپ سے استعفیٰ لے لیا ہے اور ان کی کابینہ کو بھی فارغ  کردیا ہے، جین کیسٹکس کو نیا وزیراعظم نامزد کیا گیا ہے، جنہوں نے  فرانس کو  کرونا لاک ڈاؤن سے نکالنے  کیلئے  کامیا ب روڈ میپ بنایا تھا ۔

فرانسیسی صدر نے کہا ہے کہ کرونا کے بعد  ملک کو مشکل معاشی اور سماجی صورتحال کا سامنا ہے، اور اس کیلئے نئی ٹیم لانا ضروری ہوگیا تھا، نئے وزیراعظم اپنی ٹیم  بنائیں گے۔

دوسری طرف مبصرین کا کہنا ہے کہ صدر میکرون کی جانب سے وزیراعظم کو تبدیل کرنے کی وجہ ایڈورڈ فلپ کی عوام میں بڑھتی ہوئی مقبولیت بھی ہوسکتی ہے، ایڈورڈ فلپ نے کرونا بحران کے دوران جس کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اس سے فرانسیسی عوام ان سے متاثر تھے اور گزشتہ ہفتہ کئے گئے سروے میں  وہ مقبولیت میں صدر میکرون کو پیچھے چھوڑ گئے تھے۔

ایڈورڈ فلپ  پر 51 فیصد عوام نے اعتماد کا اظہار کیا تھا جبکہ صدر کے حق میں 44 فیصد نے رائے دی تھی۔

فرانس میں بلدیاتی انتخابات میں شکست کے بعد صدر ایمانوئیل میکرون کی جانب سے مرکزی حکومت میں ردو بدل کی توقع تھی، بلدیاتی انتخابات کے نتائج میں گرین پارٹی کے لیے حمایت اور فرانسیسی صدر کی مشکلات میں اضافہ ہوا تھا، اب جب کہ حکومت کی مدت میں 21 ماہ کا عرصہ رہ گیا ہے فرانسیسی صدر  اگلی ٹرم کیلئے اپنی جگہ مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔

ایڈورڈ فلپ کی بڑھتی مقبولیت کی وجہ سے صدر کو اپنی شخصیت دبتی محسوس ہورہی تھی، ہٹائے گئے وزیراعظم ایڈورڈ فلپ نے  گزشتہ دنوں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں نارمنڈی میں اپنے آبائی علاقے میں مئیر کا الیکشن جیت گئے تھے اور اب وہ وہاں اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔

فرانسیسی صدارتی محل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ استعفیٰ سے قبل وزیراعظم ایڈورڈ فلپ نے صدر کے ساتھ  ڈنر کیا تھا اور یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، انہوں نے میڈیا میں پھیلی اختلافات کی خبروں کی تردید کی، انہوں نے کہا کہ صدر میکرون نے فلپ کی برملا تعریف کی ہے اور تین سالہ خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.