رشوت خوری، قیدیوں پر تشدد، گجرات جیل کے افسران سمیت عملہ کیخلاف مقدمہ درج

0

گجرات:گجرات جیل میں قیدیوں پر تشدد اور رشوت وصولی  پر جیل سپرنٹنڈنٹ عبدالغفور انجم، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سرمد حسین اور 2 اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس سمیت 11 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

جیل انتظامیہ کی زیادتیوں پر جمعرات کو قیدیوں نے ہنگامہ کردیا تھا، جس پر یہ معاملہ اعلیٰ حکام کے نوٹس میں آیا اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اسپشل برانچ کو تحقیقات کا حکم دیا تھا، جیل سپرنٹنڈنٹ سمیت اہلکاروں کو پہلے ہی معطل کردیا گیا تھا۔

2 جولائی کو گجرات جیل میں قیدیوں کی ہنگامہ آرائی کی انکوائری رپورٹ کے بعد تھانہ سول لائن میں ان کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں جیل افسران و اہلکاروں پر طاقت کے غلط استعمال، غفلت اور بدعنوانی کی دفعات لگائی گئی ہیں، تاہم گرفتاری سے قبل ہی تمام ملزمان نے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت سے 18 جولائی تک ضمانت  بھی کرالی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ نے صوبے کی تمام جیلوں کے معائنے کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں اور اسپشل برانچ کو حکم دیا ہے کہ وہ جیلوں کے عملے سے متعلق خفیہ رپورٹ تیار کرکے پیش کرے، جیلوں میں قیدیوں کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی اور ان میں ملوث افسران اور اہلکاروں کو برطرف اور گرفتار کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.