ایرانی تنصیبات پر ایک اور دھماکہ، کیا اسرائیل نے اہم تنصیبات کا کنٹرول حاصل کرلیا؟ 

0

تہران:ایران میں ایک ہفتے کے دوران تیسری بار تنصیبات میں دھماکہ کے بعد آگ  لگی ہے، جس کے بعد کہا جارہا ہے کہ تینوں دھماکے اسرائیل نے کروائے ہیں، اور اسرائیلی جاسوس اور سائبر ماہرین ایرانی نظام کے اندر دور تک اپنی جڑیں پھیلانے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔

ایران کی جانب سےان دھماکوں کی اہمیت کم کرکے بتانے کی کوشش کی جارہی ہے،تاہم  ایک ایرانی عہدیدار نے کہا ہےکہ اگرسبوتاژ کی کارروائیوں میں کوئی  ملک ملوث ہوا تو ایران اس کا جواب دے گا۔

تیسراواقعہ

ایران میں ایک ہفتے کے دوران  کسی تنصیبات میں دھماکے اور آگ لگنے کا تیسرا واقعہ ہفتہ کے روز پیش آیا،جب  جنوب مغربی صوبہ اہواز  کے  بڑے بجلی گھر میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی۔

ایران کی بجلی کمپنی کے ترجمان  مصطفیٰ مشہدی  نے  نیم سرکاری خبر ایجنسی تسنیم سےگفتگو میں دعویٰ کیا  کہ آگ معمولی تھی اور اس پر قابو پاکر  جلد ہی بجلی نظام بحال کردیا گیا ہے ۔

اس سے پہلے جمعرات کو ایران  کی ننتاز  ایٹمی تنصیبات پر دھماکے کے بعد آگ لگ گئی تھی، اور اسے بھی ایرانی حکام نے معمولی آگ بتایا تھااور کہا تھا کہ وہ دھماکے کی وجہ جان چکے ہیں، اگر چہ ایرانی حکام نے ایٹمی تنصیبات  میں دھماکے  کی وجہ نہیں بتائی تھی،تاہم یہ اشارے ملے تھے کہ ان تنصیبات  پر سائبر حملے کئے گئے ہیں اور ممکنہ طور پر اس میں اسرائیل ملوث  ہوسکتا ہے۔

برطانوی خبر ایجنسی نے بھی  3 نامعلوم ایرانی عہدیداروں کے حوالے سے بتایا تھا کہ  ایٹمی تنصیبات میں دھماکہ سائبر حملے کا نتیجہ تھا،ایران کے سول ڈیفنس کے سربراہ غلام رضا جلالی  بھی کہا تھا کہ اگر  اس  واقعہ  میں  کسی دوسرے ملک کا ہاتھ ہوا تو ایران جواب دے گا۔

ننتاز ایٹمی تنصیبات پر  دھماکے سے قبل تہران  کے  فوجی ڈپو کے قریب  بھی  دھماکہ ہوا تھا، جس میں 19 افراد ہلاک ہوگئے تھے،اسے بھی ایرانی حکام نے  گیس لیکج سے ہونے والا حادثہ قرار دیا تھا،تاہم بی بی سی کو بھیجے گئے ایک پیغام میں ’’ہوم لینڈ چیتا ‘‘ نامی تنظیم نے ایٹمی تنصیبات  پر دھماکے کی ذمہ داری قبول کی تھی ۔

امریکی تھنک ٹینک  انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز کے صدر  ڈیوڈ البرائٹ نے بھی  کہا تھا کہ ایرانی ایٹمی تنصیبات   میں دھماکہ سبوتاژ کی کارروائی لگتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.