عرب امارات نے ویزوں، رہائشی پرمٹ کی تجدید کیلئے اہم اعلان کردیا

0

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے کرونا بحران کے باعث رہائشی پرمٹ، ویزوں سمیت دیگر دستاویزات میں 31 دسمبر تک دی گئی توسیع کا حکم نامہ منسوخ کردیا ہے، اور شناختی کارڈ، رہائشی ویزا اور دیگر دستاویزات کی تجدید کا عمل فی الفور شروع کردیا ہے، غیر ملکیوں سمیت دیگر کو دستاویزات کی تجدید کیلئے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تاہم اس کیلئے مرحلہ وار شیڈول دیا گیا ہے۔

یواے ای کی سرکاری خبر ایجنسی ’’وام ‘‘ کے مطابق ویزوں، شناختی کارڈ او ر رہائشی پرمٹ کی تجدید کا کام 12 جولائی سے شروع کردیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں ان لوگوں کی دستاویزات کی تجدید کی جائے گی، جن کے ویزے، رہائشی پرمٹ یا دیگر دستاویز مارچ اور اپریل میں ختم ہوئی ہیں، اس کے بعد دوسرے مرحلے میں 8 اگست سے ان لوگوں کی درخواستیں وصول کی جائیں گی، جن کے ویزے، رہائشی پرمٹ یا دیگر دستاویز مئی میں ختم ہوئی ہیں۔

اسی طرح یکم جون سے 11 جولائی کے درمیان جن لوگوں کی دستاویزات کی میعاد پوری ہوئی ہے، ان کی درخواستیں 10 ستمبر سے وصول کی جائیں گی ،12 جولائی کے بعد جن کی دستاویزات کی مدت پوری ہورہی ہے ، ان کیلئے کوئی مخصوص تاریخ نہیں دی گئی۔

حکام نے کہا ہے کہ دستاویزات کی تجدید او رتوسیع کیلئے سمارٹ سروس کا فائدہ اٹھایا جائے ، اور ادارے کی ویب سائٹ (ica.gov.ae) سے رجوع کیا جائے ،

رعائتی مدت

متحدہ عرب امارات کے حکام نے پہلے اعلان کیا کہ جرمانوں سے بچنے کیلئے غیر ملکی اوپر دئیے گئے شیڈول کے مطابق اپنی دستاویزات کی تجدید کرالیں، تاہم بعد ازاں 3 ماہ کی رعائتی مدت کا اعلان کردیا گیا، جس کا مطلب ہے کہ یہ لوگ 11 اکتوبر تک بغیر جرمانہ ویزوں، رہائشی پرمٹ اور دیگر دستاویزات کی تجدید کراسکیں گے۔

یواے ای کی فیڈرل اتھارٹی کے ترجمان بریگیڈئیر خمس ال کابی نے ابوظہبی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ 12 جولائی سے 3 ماہ کی رعائتی مدت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور جرمانوں کا اطلاق اس کے بعد سے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ رہائشی پرمٹ یا ویزا رکھنے والے وہ افراد جو اس وقت یو اے ای سے باہر ہیں، ان کے پاس واپسی کے بعد تجدید کیلئے ایک ماہ ہوگا، اسی طرح ملک میں سیاحتی ویزوں پر موجود افراد جن کے ویزے ختم ہوچکے ہیں، انہیں بھی ایک ماہ میں یواے ای کو چھوڑنا ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.