عامر لیاقت کا پھر مستعفی ہونے کا ڈرامہ، ٹوئٹر پر صارفین نے آڑے ہاتھوں لیا

0

کراچی: تحریک انصاف کے کراچی سے رکن قومی اسمبلی اور ٹی وی اینکر عامر لیاقت نے ایک بار پھر اپنی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے، تاہم اس بار بھی انہوں نے استعفیٰ مجاز فورم یعنی اسپیکر کو بھجوانے کے بجائے وزیراعظم کو پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔

عامر لیاقت گزشتہ دو برسوں میں کئی بار مستعفی ہونے کا اعلان کرچکے ہیں اور اعلان کے بعد وہ اگلے اعلان تک استعفے کے حوالے سےخاموشی اختیار کرلیتے ہیں۔

ماضی کی طرح اس بار بھی عامر لیاقت نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مستعفی ہونے کی بات کی ، اور کہا کہ وہ کراچی کے بجلی مسائل حل نہیں کراسکے، اس لئے انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے وقت مانگا ہے، جس میں وہ انہیں استعفیٰ پیش کریں گے۔

اس پیغام پر انہیں صارفین خصوصاً پی ٹی آئی کے حامیوں کی طرف سے سخت ردِ عمل کا سامنا کرنا پڑا، اور لوگوں نے عامر لیاقت کی استعفیٰ کی دھمکی کو ایک اور ڈرامہ سے تعبیر کیا ، کچھ صارفین نے لکھا کہ وزیراعظم سے ملاقات کرنے کا کوئی اچھا طریقہ بھی تلاش کیا جاسکتا تھا۔

کچھ صارفین نے عامر لیاقت کو ایم کیوایم کا دور یاد دلایا ، اور کہا کہ جس وقت آپ دو زانو ہوکر الطاف کے آگے بیٹھے سر ہلارہے ہوتے تھے ، اس وقت کراچی میں لوڈ شیڈنگ کیوں یاد نہیں آئی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.