ڈھائی کروڑ کرونا سے متاثر ہیں، صدر کا سچ ایران کو مہنگا پڑگیا

0

استنبول: ایران میں کرونا کی صورتحال بگڑنے پر ترکی نے ایران کیلئے فضائی سروس معطل کردی ہے، ایران نے اتوار کو سرکاری طور پر 2182 نئے کیس اور 209 اموات ظاہر کی تھیں، جبکہ سرکاری طور پر اب تک کے کیس 2 لاکھ 73 ہزار 788 بتائے گئے ہیں، تاہم ایرانی صدر حسن روحانی نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں ڈھائی کروڑ افراد وبا سے متاثر ہوچکے ہیں، اور ان کے اس انکشاف نے ان خدشات کو تقویت دی ہے کہ ایران کرونا کے کیس چھپاتا چلاآرہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترکی نے ایران کیلئے فضائی سروس معطل کردی ہے، یہ فیصلہ ایرانی صدر کے اس انکشاف کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے کرونا متاثرین کی تعداد ڈھائی کروڑ تک بتائی تھی، ایرانی سول ایوایشن آرگنائزیشن کے ترجمان رضا جعفر نے ترکی کے ساتھ فضائی سروس معطل ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

اس سے قبل ایران کے صدر حسن روحانی نے ہفتہ کے روز انکشاف کیا تھا کہ ملک میں ڈھائی کروڑ شہری کرونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جب کہ تقریباً ساڑھے 3 کروڑ کو متاثر ہونے کا خطرہ لاحق ہے۔

واضح رہے کہ ایران کی آبادی 8 کروڑ ہے ۔ صدر روحانی کے اس اعتراف کے بعد ایرانی حکام صورتحال سنبھالنے کی کوشش کرتے نظرا ٓرہے ہیں ، اتوار کو ایرانی وزارت صحت کے حکام نے کہا کہ صدر کے پیش کردہ اعداد وشمار خون کےنمونے کی بنیاد پر لگایا گیا اندازہ ہے ، اور یہ ملک میں وبا کی موجودہ صورتحال کی عکاسی نہیں کرتا ۔ وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات نے کہا کہ خون کے ٹیسٹوں کی بنیاد پر مریضوں کی موجودہ تعداد کا تعین نہیں کیا جانا چاہئے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.