بھارت میں 3 بنگلہ دیشی بےدردی سے قتل، نیپالی شہری پر بھی تشدد

0

ڈھاکہ: بھارت میں بنگلہ دیش کے 3 شہریوں کو بے دردی سے قتل کردیا گیا ہے، بنگلہ دیشی شہریوں کو مویشی چور قرار دے کر ہجوم نے قتل کیا جبکہ نیپالی شہری کو اغوا کے بعد تشدد کانشانہ بنایا گیا اور جے شری رام کے نعرے لگواتے ہوئے ویڈیو بنائی گئی، جو بعد میں سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ہے،جس پر نیپالی سفیر نے بھارتی حکام سے رابطہ بھی کرلیا ہے۔

یہ واقعات ایسے موقع پر ہوئے ہیں، جب بھارت کے پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات پہلے ہی تناؤ کا شکار نظر آرہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کی سرحد کے ساتھ جڑے آسام کے ضلع کریم گنج میں 3 بنگلہ دیشی شہریوں کو مویشی چور قرار دے کر بے دردی سے قتل کردیا گیا ہے، بھارتی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ بنگلہ دیشی شہری غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہوئے تھے اور وہ مویشی چور تھے، جنہیں مقامی لوگوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے ان کی موت واقع ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:حسینہ واجد کی دوستی سے بھارت کو شہہ مل گئی، بنگلہ دیشیوں پر حملوں میں اضافہ

اخبار ’’دی ہندو‘‘ کے مطابق  ضلعی پولیس افسر کمار سنجیت کرشنا کا کہنا ہے کہ 4 بنگلہ دیشی واپس اپنے وطن فرار ہونے میں بھی کامیاب ہوگئے ہیں، انہوں نے دعویٰ کیا کہ مرنے والوں کے پاس سے بنگلہ دیش کے بسکٹ، رسیاں اور باڑھ کاٹنے والے کٹر برآمد ہوئے ہیں۔

ان کی لاشیں بنگلہ دیشی حکام کے حوالے کرنے کے لئے کارروائی کی جارہی ہے، پولیس  افسر نے دعویٰ کیا کہ تینوں کو مقامی لوگوں نے مارا ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ مارنے والوں کی نشاندہی نہیں ہوئی۔

نیپالی شہری پر تشدد

نیپال کےساتھ سرحد ی تنازعہ کے بعد سے  بھارت میں انتہا پسند تنظیمیں  نیپال اور اس کے شہریوں کے خلاف  مہم چلارہی ہیں، اس دوران  وزیراعظم مودی کے آبائی حلقے وارانسی میں جہاں نیپالی   شہریوں کی اچھی  خاصی تعداد رہتی ہے، وہاں بھی  نیپالی شہریوں کے خلاف پوسٹر لگائے گئے تھے۔

بھارتی اخبار کے مطا بق اس دوران ایک ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں ایک نامعلوم  نیپالی شہری کو اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اس کا سر مونڈ دیا جاتا ہے، اور اس سے ’’جے شری رام ‘‘اور ’’بھارت ماتا کی جے‘‘ کے نعرے لگوائے گئے۔

یہ ویڈیو سامنے آنے پر بھارت میں نیپالی سفیر نیلمبار اچاریہ نے وزیراعلی یوگی سے رابطہ بھی کیا ہے، جس میں یوپی میں نیپالی شہریوں  کے تحفظ پر بات کی گئی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.