شام میں ایرانی ٹھکانوں پر اسرائیل کی بمباری، نقصان کی اطلاعات

0

دمشق: اسرائیل نے شام میں ایران اور حزب اللہ کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کئے ہیں، جن میں ایران کے ایک سینئیر فوجی افسر سمیت کئی افراد نشانہ بننے کی اطلاعات ہیں۔

سیرین آبزرویٹری کے مطابق دمشق میں اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، دمشق کے جنوب میں ایک ایرانی مرکز کو نشانہ بنانے کی اطلاعات ہیں، اس مرکز میں ایرانی فوجی افسر تعینات تھے ۔شام کے علاقے درعا میں بھی اسرائیل نے حملہ کیا ہے۔

شامی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ ناکام بنانے کے لئے انہوں نے بھی میزائل دفاعی نظام سے میزائل داغے ہیں، تاہم شام میں مسلسل اسرائیلی حملوں کے باوجود ایران ان کا جواب دینے میں ناکام ہے۔

اسرائیل نے شام میں ایرانی مفادات پر یہ حملے ایسے موقع پر کئے ہیں، جب ایران کے اندر بھی گزشتہ تین ہفتوں سے پراسرار دھماکوں کا سلسلہ جاری ہے، اور ان دھماکوں کے حوالے سے بھی انگلیاں اسرائیل کی طرف اٹھ رہی ہیں، اگر چہ ایرانی حکام کھل کر کسی پر الزام نہیں لگارہے، اس سے پہلے یہ میڈیا رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ اسرائیل نومبر میں امریکی صدارتی الیکشن سے قبل ایران کومشتعل کرکے اسے جنگ میں دھکیلنا چاہتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.