اٹلی کے سب سے طاقتور مافیا کیخلاف آپریشن میں بڑی کامیابی

0

روم: اٹلی اور سوئٹزرلینڈ نے سب سے خطرناک اطالوی مافیا کیخلاف مشترکہ آپریشن کیا ہے، جس کے دوران Ndrangheta(ندرانگتا) مافیا گرو پ سے تعلق رکھنے والے 75 افراد کو گرفتار کرلیا گیا، مافیا کارندوں سے 169 ملین یورو کا سامان اور کیش برامد کیا گیا ہے، آپریشن میں اطالوی پولیس کے 700 اہلکاروں نے حصہ لیا ، ندرانگتا مافیا کو اٹلی کی سب سےبڑی مافیا سمجھا جاتا ہے ، اور یہ سسلی کی کوسا نوسترا مافیا سے بھی بڑی تنظیم بن چکی ہے ، یہ مافیا اٹلی کے کلابریا ریجن میں زیادہ اثر رکھتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اطالوی پولیس نے سوئس اداروں کے ساتھ مل کر ندرانگتا مافیا کے خلاف بڑا آپریشن کیا ہے، جس کے دوران مافیا کے 75 کارندے گرفتار کرلئے گئے، ان میں اٹلی کا ایک سابق کونسلر بھی شامل ہے، مافیا کارندے نقلی کرنسی کے دھندے، جعلی دستاویزات کے ذریعہ املاک پر قبضوں، بھتہ خوری، منی لانڈرنگ، منشیات اسمگلنگ سمیت مختلف جرائم میں ملوث ہیں۔

سوئس پراسیکیوٹر آفس کا کہنا ہے کہ چھاپوں کے دوران مافیا کے لوگوں سے اسلحہ بھی برامد ہوا ہے، مافیا کے 6 اہم افراد سوئٹزرلینڈ میں رہائش پذیر تھے ، اور وہ بظاہر ہوٹلنگ سمیت جائز کاروبار کررہے تھے ، لیکن اصل میں ان کا دھندہ مافیا کا تھا۔

اطالوی حکام کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 158 افراد زیر تفتیش ہیں، ان پر مافیا سے تعلق، منشیا ت اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ سمیت دیگر سنگین الزامات ہیں، اس گروپ کے خلاف کئی برسوں سے تحقیقات جاری تھیں، گرفتار ہونے والوں میں کلابریا ریجن کے سابق کونسلر فرانسس کینٹونیو سٹالینی بھی شامل ہے، جن پر ووٹوں کی خریداری اور بھتہ خوری کا الزام ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار سابق کونسلر نے 2005 میں الیکشن جیتنے کے لئے ووٹوں کی خریداری کی تھی۔

اطالوی پارلیمنٹ کے اینٹی مافیا کمیشن کے سربراہ نکولا مورا کا کہنا ہے کہ پولیس نے مافیا کو بڑا دھچکہ پہنچایا ہے، انہوں نے کہا کہ جو لوگ ندرانگتا مافیا کو اٹلی کا مسئلہ سمجھتے تھے ، انہیں سوئٹزرلینڈ میں گرفتاریوں کے بعد اپنی تصحیح کرلینی چاہئے ، یہ مافیا صر ف اٹلی کا مسئلہ نہیں ہے۔

ندرانگتا مافیا

ندرانگتا مافیا کو اٹلی کی سب سے طاقتور اور مالدار مافیا سمجھا جاتا ہے، اور یہ سسلی کی کوسا نوسترا مافیا سے بڑی بن چکی ہے، یورپ میں کوکین کی اسمگلنگ پر اس کا کنٹرول ہے، یورو پولس نے 2008 میں اس کی آمدن کا تخمینہ 55 ارب ڈالر لگایا تھا، اس مافیا نے اپنا جال جنوبی اٹلی میں اپنے ٹھکانوں سے لے کر وسطی و شمالی اٹلی، شمالی یورپ اور جنوبی و شمالی امریکہ تک پھیلا رکھا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.