سعودی عرب نے پاکستان کو دیئے 1 ارب ڈالر اچانک نکال لیے، وجہ کیا بنی

0

اسلام آباد: سعودی عرب نے پاکستان کو معاشی سہارے کیلئے دیئے گئے 3  ارب ڈالر میں سے ایک ارب ڈالر اچانک نکال لیے ہیں، جس سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر اور روپے پر دباؤ آنے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا تاہم پاکستان کا سدا بہار دوست چین ایک بار پھر پاکستان کی مدد کیلئے آگیا، اور فوری طور پر ایک ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں جمع کروادیئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق 2018 میں  عمران خان حکومت برسر اقتدار آنے پر پاکستان کے زرمبادلہ کےذخائر خطرناک حد تک گرچکے تھے، اور ن لیگ کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک پر نادہندگی کی تلوار لٹک رہی تھی، ایسے موقع پر اکتوبر 2018 میں سعودی عرب نے پاکستان کیلئے 6  ارب20  کروڑ ڈالر کا تین سالہ پیکج منظور کیا تھا، ان میں سے تین ارب ڈالر کیش کی صورت میں پاکستان کے اکاؤنٹ میں جمع کروائے گئے تھے، جن پر پاکستان سعودی عرب کو سوا تین فیصد سود بھی ادا کررہا تھا، جبکہ باقی تین ارب بیس کروڑ ڈالر تیل کی موخر ادائیکی کی سہولت کیلئے تھے۔

تیل کی موخر ادائیگی کی سہولت سے تو پاکستان اب تک مکمل فائدہ نہیں اٹھا سکا اور اس میں مسائل آتے رہے ہیں، پاکستان نے اب تک صرف 77 کروڑ ڈالر کا تیل موخر ادائیگی پر حاصل کیا ہے، تاہم اب اچانک سعودی عرب نے تین ارب ڈالر کیش کی دی گئی امداد میں سے بھی ایک ارب ڈالر واپس لے لیے ہیں ، حالانکہ سعودی عرب نے رواں سال کے آغاز پر ہی تین سال کی اس امداد کو ایک سال کیلئے بڑھایا تھا، اور اس حوالے سے سعودی عرب نے آئی ایم ایف کو بھی آگاہ کیا تھا۔

سعودی عرب کی جانب سے اچانک ایک ارب ڈالر نکالنے کی بظاہر کوئی وجہ سامنے نہیں آئی تاہم مبصرین اسے سعودی عرب کی بڑھتی اپنی معاشی ضروریات کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں جبکہ خطے کی سیاست پر نگاہ رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ سعودی اقدام کا تعلق حالیہ پاک ترک رابطوں میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔

آیا صوفیا مسجد بنانے کے معاملے پر بھی پاکستان نے کھل کر ترکی کا ساتھ دیا ہے، اس کے علاوہ خطے میں ترکی کے بڑھتے کردار سے بھی پاکستان بظاہر خوش نظر آتا ہے، جبکہ سعودی عرب سمیت عرب بلاک ترکی سے خائف ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.