سونے کی قیمتوں کو بریک لگ گئی، عالمی منڈی میں تیزی سے کمی

0

نیویارک: سونے کی قیمت عالمی سطح پر ریکارڈ حد کو چھونے کے بعد اب تیزی سے نیچے آرہی ہیں اور بدھ  کو فی اونس سونے کی قیمت 1897 ڈالر پر آگئی جو جمعہ کو 2089 ڈالر تھی، اس طرح 4 روز کے دوران سونے کی فی اونس قیمت میں 192 ڈالر کی کمی ہوئی ہے، جبکہ ماہرین نے سونے کی قیمتوں میں مزید کمی کی امید ظاہر کی ہے۔ سرمایہ کاروں نے سونے سے سرمایہ نکالنا شروع کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرونا ویکسین کی تیاری میں پیشرفت ، کاروبار کی عالمی سطح پر بحالی کے اشارے اور تیل قیمتوں میں استحکام کے بعد سونے کی بڑھتی عالمی قیمتوں کو بریک لگ گئی ہے، اور  بدھ کو فی اونس قیمت 2 ہزار ڈالر کی سطح سے نیچے آگئی ، ایک دن میں 5 فیصد کمی کے بعد ایشیائی مارکیٹ میں سونا 1897 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہوتا رہا۔

مارکیٹ پر نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں نے اب سونا فروخت کرنا شروع کردیا ہے ، ڈالر کی قدر میں استحکام سے بھی سونے کی مارکیٹ متاثر ہوئی ہے، اور سرمایہ کار واپس کرنسی کی طرف بھی آرہے ہیں۔

ادھر عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں بھی  سونے کی فی تولہ قیمت کم ہوکر ایک لاکھ 17 ہزار  روپے پر آگئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.