نیول چیف نے نئے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کا افتتاح کردیا

0

کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے نئے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کا افتتاح کردیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنر (نیوی) کے مطابق نئے اسٹیٹ آف دی آرٹ جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹرکی افتتاحی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کر کے نئے تعمیر شدہ مرکز کا افتتاح کیا۔

جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر بحری امور سے وابستہ تمام تنظیموں اور ایجنسیوں کی کوششوں کو ہم آہنگ کرنے کے لئے مرکزی حیثیت رکھتاہے۔بنیادی طور پر یہ مرکز پاکستان کے خصوصی اقتصادی زون میں بحری امور سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تنظیموں اور ایجنسیوں کے مابین معلومات کے بروقت تبادلے کے ذریعے مشترکہ اور منظم لائحہ عمل مرتب کرتا ہے۔

نہایت چوکس ٹیم پر مشتمل اور چوبیس گھنٹے کام کرنے والا یہ مرکز 2013میں تشکیل دیا گیا جس میں متعلقہ اداروں کو مناسب نمائندگی بھی دی گئی۔

نئے تعمیر شدہ جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹرکو مقامی طور پر تیار کردہ جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن شیئرنگ سافٹ ویئر ، ایک جدید آپریشنل روم اور دوسرے ضروری سازو سامان سے لیس کیا گیا ہے۔اس مرکز کے کام کرنے کی استعدادکار میں خاطر خواہ اضافے سے میری ٹائم سیکٹر میں سیکورٹی اور تحفظ کے فروغ کے لئے پاکستان کے قومی اداروں اور بین الاقوامی انفارمیشن فیوژن سینٹرز کے مابین روابط مزید بہتر ہوں گے۔

تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ نے مذکورہ بالا افتتاح کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا جو کہ خطے میں امن و امان کے قیام کے لئے کی گئی پاک بحریہ کی کاوشوں کو مزید تقویت فراہم کرے گا۔مہمان خصوصی نے مرکز کو جدید طرز پر اُستوار کرنے کے لئے مقامی طور پر کئے جانے والے اقدامات اور سہولیات کوسراہا۔

تقریب میں چیف آف سٹاف (آپریشنز)، کمانڈر پاکستان فلیٹ، کمانڈر کوسٹ، کمانڈر کراچی اوردیگر اعلی نیول حکام نے بھی شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.